یوٹرن نہ لینے والا کامیاب لیڈر نہیں ہوتا، وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم نے شہباز شریف کو کسی صورت چیئرمین پی اے سی نہ بنانے کا اعلان کر دیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حالات کے مطابق یو ٹرن نہ لینے والا کبھی کامیاب لیڈر نہیں بن سکتا ہے اور جو یوٹرن لینا نہیں جانتا اس سے بڑا بے وقوف لیڈر نہیں ہوسکتا ہے۔ شہباز شریف کو بھی پبلک اکاؤنٹ کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین نہ بنانے کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعظم نے اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں نپولین اور ہٹلر نے یوٹرن نہ لے کر تاریخی شکست کھائی جب کہ نوازشریف نے بھی عدالت میں یوٹرن لینے کے بجائے جھوٹ بولنے کو اہمیت دی۔

عمران خان نے واضح کیا کہ کرپشن کے مقدمات کا سامنا کرنے والے شخص کو کسی صورت چیئرمین پی اے سی نہیں بنائیں گے۔ شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے سے دنیا بھر میں ملک کا مذاق بنے گا۔

عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ نیب چھوٹے چھوٹے مقدمات میں الجھ کر اپنی کارکردگی متاثر کر رہا ہے۔ نیب کو چھوٹے مقدمات کے بجائے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنا چاہیے۔ احتساب کے قوانین میں ترمیم کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے دورہ چین کو توقعات سے زیادہ کامیاب قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ماضی میں کسی وزیر اعظم کا دورہ چین اتنا کامیاب نہیں رہا ہے۔ ہمارے دورہ چین کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے موقع پر ہونے والے معاہدوں کی تفصیل عام نہیں کرسکتے ہیں جب کہ چین کی امداد سے پاکستان کی ادائیگیوں کا توازن بہتر ہو گا کیونکہ چین سے ہرقسم کی امداد مل رہی ہے جس سے تجارت و سرمایہ کاری بڑھے گی۔

عمران خان نے منی لانڈرنگ کے خلاف جاری مہم کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف دبئی میں پاکستانیوں کی 15 ارب ڈالرز کی جائیدادوں کا سراغ لگا لیا ہے، جس کے انکشاف کے بعد سے ہی اپوزیشن کی تنقید بڑھ گئی ہے تاہم ہم لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے لیے مختلف ممالک سے معاہدے کررہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے حوالے سے سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کے ساتھ معاہدے ہو چکے ہیں، جس سے ملک کی قومی دولت واپس لانے میں مدد ملے گی۔

عمران خان نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس بھرپور طریقے سے منعقد کی جائے گی جس کے افتتاحی سیشن کی صدارت میں خود کروں گا جب کہ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں صدر مملکت شریک ہوں گے۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے اسلامی اسکالرز اور علما شرکت کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں