نجم سیٹھی نے پی سی بی کو دوسرا قانونی نوٹس بھیج دیا


لاہور: سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی کی جانب سے پی سی بی کو دوسرا قانونی نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔

نجم سیٹھی کے مطابق پی سی بی نے پہلے نوٹس کا جواب صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا تھا۔

سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مد میں انہوں نے کوئی پیسہ نہیں لیا، اس سلسلے میں پی سی بی کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی طرف سے اخراجات کی تفصیلات غلط پیش کی گئی ہیں۔

نوٹس میں نجم سیٹھی نے موقف اختیار کیا ہے کہ سابق چیئرمین شہریار خان کی تفصیلات بھی نجم سیٹھی کے اخراجات میں شامل کردی گئیں ہیں۔

تاہم دوسری جانب گورننگ بورڈ میں صرف نجم سیٹھی کی تفصیلات پیش کی گئیں ہیں۔

نوٹس میں ان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گورننگ بورڈ کے تمام اراکین کے اخراجات کی تفصیلات منظرعام پر لائی جائیں۔

اس کے علاوہ پی سی بی ان کے حوالے سے غلط تفصیلات پیش کرنے پر معافی مانگے۔

واضح رہے کہ  نجم سیٹھی نے گزشتہ ماہ بورڈ کے موجودہ چیئرمین احسان مانی پر ہتک عزت کا دعویٰ کردیا تھا۔

کرکٹ بورڈ نے 2014 سے 2018 تک کے بورڈ کے سربراہان کے تمام اخراجات کی تفصیل جاری کردی تھیں جن کے مطابق نجم سیٹھی نے بحیثیت چیئرمین 7 کروڑ روپے اپنی ذات پر خرچ کیے تھے۔

انہوں نے اس رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ذاتی مخاصمت پر مبنی جھوٹ کا پلندہ قرار دیا تھا۔


متعلقہ خبریں