فیض انٹرنیشنل فیسٹیول کا آغاز، جاوید اختر اور شبانہ اعظمی کی شرکت



لاہور:معروف شاعر فیض احمد فیض کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تین روزہ فیض انٹرنیشنل فیسٹیول لاہور میں شروع ہوگیا۔

فیسٹیول کے پہلےروز معروف بھارتی شاعر جاوید اختر اور اداکارہ شبانہ اعظمی سمیت فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی بڑی شخصیات نے شرکت کی ۔

معروف رومانی اور ترقی پسند شاعر سے منسوب فیض انٹرنیشنل فیسٹیول کی پہلی نشت ” کیفی اور فیض” کے نام سے سجائی گئی جس میں بھارتی ادکارہ شبانہ اعظمی، جاوید اختر، سلیمہ ہاشمی، عدیل ہاشمی اور منیزہ ہاشمی نے اظہار خیال کیا۔

اداکارہ نے شاعرکیفی اعظمی اور فیض احمد فیض کے اشعار اور اپنے بچپن کے دلچسپ واقعات سنائے۔ بھارت سے آئے مہمان جاوید اختر نے اپنی نظم معروف شعرا کو خراج عقیدت پیش کیا تو شرکا اش اش کر اٹھے۔

پہلے روز کے اختتام پر اجوکا تھیٹرنے کھیل “کالا مینڈا بھیس” پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔

کل بروز ہفتہ فیسٹول کا دوسرا دن ہو گا جس میں لاہور کے ایک اسکول کی جانب سے رقص پرفارمنس دی جائے گی جبکہ ’میری طرف کی کہانی‘ کے عنوان سے پینل بات چیت بھی ہوگی، جس میں شوبز کے ممتاز فنکار سمینہ پیر زادہ، سانیہ سعید، سامیہ ممتاز، صبا قمر، عمران عباس اور سیمیر راہیل شرکت کریں گی۔

اسی طرح عزیزی کے کردار سے مشہور سہیل احمد اور واسے چوہدری ’ماضی سے بے حال تک‘ کے عنوان سے دلچسپ پروگرام پیش کریں گے جبکہ شام میں ’ضیا معین الدین کے ساتھ ایک شام، مشتاق احمد یوسفی کے نام‘ سے پروگرام فیسٹول میں چار چاند لگانے کا باعث بنے گا۔

فیسٹول میں ’انکل سرگم سے ملیے، فاروق قیصر کے ساتھ گفتگو‘ بھی توجہ کا مرکز بنے گی جبکہ اسکرین رائٹنگ کے لیے مشہور جاوید اختر اور عدیل ہاشمی بھی پروگرام میں شرکت کریں گے۔

فیسٹول کے آخری روز اتوار کو مختلف نوعیت کی پینل گفتگو، ڈرامے، تھیٹر اور بھارتی صحافی کلدیپ نیر کی یاد میں بھی ایک سیشن منعقد کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں