’وزیر اطلاعات کی سینیٹ میں داخلے پر پابندی غیرمعمولی اقدام تھا‘


اسلام آباد :چیئرمین سینٹ کی جانب سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ایوان میں داخلے پر پابندی کے معاملے پر وزیراعظم کے ترجمان افتخار درانی کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کر دیا گیا ہے ۔

ترجمان وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ کی جانب سے وزیر اطلاعات کے ایوان میں داخلے پر پابندی غیرمعمولی اقدام تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایوان بالا میں جنم لینے والی صورتحال سے تشویش کی غیر معمولی لہر نے جنم لیا، وزیراعظم نے سینٹ میں پیدا ہونے والے بحران کے حل کی ذمہ داری وزیر دفاع پرویز خٹک کو سونپی جنہوں نے خوش اسلوبی سے معاملہ سلجھایا۔

افتخار درانی نے کہا کہ معاملے کو سلجھانے میں حکومتی مؤقف میں کوئی کوتاہی یا تضاد نہیں، پارلیمان کی تعظیم اور کرپشن کیخلاف فیصلہ کن اقدامات دونوں حکومت کے ایجنڈے کے مرکزی نکات ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمان کی ساکھ مجروح ہونے دیں گے نہ ہی کرپشن کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ کریں گے، کرپشن اور موجودہ معاشی حالات کا گہرا تعلق ہے، پارلیمنٹ میں اس پر بات کرنا کسی کا استحقاق مجروح نہیں کرتا۔


متعلقہ خبریں