پنجاب میں وکلا کی چوتھے روز بھی ہڑتال جاری

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے لیے وکلا کی چوتھے روز بھی ہڑتال جاری ہے۔

فیصل آباد، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانوالہ اور چنیوٹ میں وکلا کی مسلسل چار روز سے جاری ہڑتال کے باعث دور دراز سے آئے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وکلا نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

سرگودھا میں وکلا نے آج پھر ضلع کچہری روڈ پر دھرنا دے کر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے جب کہ سائلین کو عدالتوں کے دروازے بند کر کے اندر بھی جانے نہیں دیا جا رہا ہے۔

سرگودھا کے وکلا پر مشتمل 40 رکنی وفد کی آج گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے بھی ملاقات کا امکان ہے جنہیں وکلا کی تحریک کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔

ساہیوال اور فیصل آباد میں بھی وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے ہیں جب کہ ججز کی جانب سے مقدمات کو اگلی تاریخوں پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گوجوانوالہ میں بھی وکلا نے غیر معینہ مدت تک کے لیے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ گزشتہ روز ڈی سی آفس کو بھی تالے لگا دیئے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں