فیض احمد فیض کی یادیں تازہ کرنے کے لیے سجی بیٹھک کا دوسرا روز


لاہور:معروف شاعر فیض احمد فیض کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تین روزہ فیض انٹرنیشنل فیسٹیول لاہور میں جاری ہے۔

الحمرا آرٹس کونسل میں منقعد کیے گئےفیسٹیول کے دوسرے روز بھی  ادب، فنون لطیفہ اور سیاست پر مختلف سیشنز منعقد کیےجائیں گے۔

لاہور میں جاری فیسٹیول میں بھارت سے آئے نامور شاعر، ادیب جاوید اختر بھی مختلف سیشن میں شرکت کریں گے۔ ان کے علاوہ معروف شاعر امجد اسلام امجد، اداکارہ ثمینہ پیر زادہ ، رضا ربانی، افرسیاب خٹک، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی شخصیات شرکت کریں گی۔

مشتاق احمد یوسفی کے نام سے منقعد کیے جانے والے سیشن ایک شام، مشتاق احمد یوسفی کے نام‘ میں ضیا معین الدین  بھی شرکت کریں گے۔

فیسٹول میں ’انکل سرگم سے ملیے، فاروق قیصر کے ساتھ گفتگو‘ بھی توجہ کا مرکز بنے گی جبکہ اسکرین رائٹنگ کے لیے مشہور جاوید اختر اور عدیل ہاشمی بھی پروگرام میں شرکت کریں گے۔

اس سے قبل  فیسٹیول کے پہلےروز معروف بھارتی شاعر جاوید اختر اور اداکارہ شبانہ اعظمی سمیت فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی بڑی شخصیات نے شرکت کی ۔

معروف رومانی اور ترقی پسند شاعر سے منسوب فیض انٹرنیشنل فیسٹیول کی پہلی نشت ” کیفی اور فیض” کے نام سے سجائی گئی جس میں بھارتی ادکارہ شبانہ اعظمی، جاوید اختر، سلیمہ ہاشمی، عدیل ہاشمی اور منیزہ ہاشمی نے اظہار خیال کیا۔

اداکارہ نے شاعرکیفی اعظمی اور فیض احمد فیض کے اشعار اور اپنے بچپن کے دلچسپ واقعات سنائے۔ بھارت سے آئے مہمان جاوید اختر نے اپنی نظم معروف شعرا کو خراج عقیدت پیش کیا تو شرکا اش اش کر اٹھے۔

فیض فیسٹول میں بک سٹالز بھی لگائے گئے ہیں جہاں مطالعے کے شوقین افراد کے لیے انواع اقسام کی کتابیں موجود ہیں۔

 


متعلقہ خبریں