70 سال ہوگئے اس ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں آئی، خورشید شاہ

فوٹو: فائل


سکھر: رکن قومی اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ 70 سال ہو گئے ہیں ہم آج تک حقیقی جموریت کی طرف نہیں گئے ہیں۔ پارلیمنٹ میں جو زبان استعمال کی جا رہی ہے اس پر شرم آتی ہے۔

خورشید شاہ نے سکھر میں وکلا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت نے آج تک کوئی قانون پاس نہیں کیا ہے جب کہ این ایف سی کو ختم کرنے کے لیے 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کی خوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں سندھ کی تیسری بڑی بار کا رکن ہوں اور شادی کی طرح یہ بندھن بھی قبر تک چلے گا۔ سکھر بار نے شہید بھٹو کی سیاست کو قائم رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی میں وکلا کا بڑا کردار رہا ہے اور جب بھی آمروں کی حکومت آئی تو وکلا نے ہمیشہ جمہوریت کا ہی ساتھ دیا اور ہم نے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ دنیا میں ماں کی حیثیت رکھتی ہے اور آج پارلیمنٹ میں جو زبان استعمال کی جا رہی ہے وہ سن کر ہمیں شرم آتی ہے اور اب تو پارلیمنٹ کے سو روز بھی پورے ہونے والے ہیں۔ ریاست اس وقت ہی مضبوط ہو گی جب صوبے مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز یوٹرن کی حمایت میں بیان دے کر عوام کے ووٹوں کی توہین کی ہے۔ پاکستان کی تمام بار کونسلز کو وزیر اعظم کے بیان کی مذمت کرنی چاہیے۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ ہمیں وزیر اعظم کا گزشتہ روز کا بیان سن کر حیرت ہوئی ہے۔ ایوب خان جیسے آمر نے بھی خود کو ہٹلر سے مشابہت نہیں دی اور نہ ہی یحییٰ جیسے آمر نے خود کو نپولین سے مشابہت دی۔


متعلقہ خبریں