بچوں کے جگر کی پیوندکاری، چیف جسٹس نے اچھی خبر سنا دی


اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پاکستان میں بچوں کے جگر کی پیوندکاری کے حوالے سے خوشخبری سنا دی ہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جگر کی پیوند کاری نہ ہونے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت چیف جسٹس نے اچھی خبر سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسی ماہ کے آخر میں بچوں کی پیوندکاری کا پہلا آپریشن ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں جگر کے مرض میں مبتلا بچوں کی لمبی فہرست ہے، جذبے سے کام کرنے والے دو ڈاکٹرز پاکستان تشریف لے آئے ہیں جو پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں بچوں کے جگر کی پہلی پیوندکاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیوندکاری کے لیے انڈیا جانا پڑتا ہے اور ویزہ بھی نہیں ملتا۔

واضح رہے جگر کی پیوندکاری ایک مہنگا عمل ہے جس پر دس سے چالیس لاکھ روپے خرچ آتا ہے، اس سے قبل جگر کے مریض پیوند کاری کے لیے دیگر ممالک خصوصاً بھارت جاتے تھے جہاں اس شعبے میں خاصی مہارت پائی جاتی ہے اور اس پر اخراجات بھی کم ہوتے ہیں۔


متعلقہ خبریں