دبئی جائیدادیں بنانے والے پاکستانیوں میں 35 سیاست دان شامل

فوٹو: فائل


لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی  جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے 895 پاکستانیوں میں 35 سیاست دان بھی شامل ہیں۔

سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق معاملے کی سماعت ہوئی جس میں ایف آئی اے نے عبوری رپورٹ پیش کی۔

رپورٹ کے مطابق دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے 895 پاکستانیوں میں سے 674 نے ایف آئی اے میں بیان حلفی جمع کرا دیے ہیں۔ 374پاکستانیوں نے ایمنیسٹی اسکیم کے تحت جائیدادیں ظاہر کیں، ایمنیسٹی اسکیم کے تحت جائیدادیں ظاہر کرنے والوں میں سے سات کو نیب کے سامنے انکوائریوں اور ریفرنسز کا سامنا ہے۔

دوسری جانب 150 پاکستانیوں نے ایف آئی اے کاسامنے اعتراف کیا لیک ایمنیسٹی سکیم سے فائدہ نہیں اٹھایا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 69 پاکستانیوں نے سالانہ ٹیکس ریٹرنز میں ایف بی آر کے سامنے دبئی جائیدادیں ظاہر کیں جب کہ 72 نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ ایمنیسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے 674پاکستانیوں کی تفصیلات کی صداقت کا تعین نہیں ہوسکا، تفصیلات خفیہ ہونے کے باعث قانون کے مطابق ایف بی آر ڈیٹا سے کراس چیک نہیں کی جاسکیں۔

ایمنیسٹی اسکیم کے تحت جائیدادیں ظاہر کرنے والے پاکستانیوں میں سندھ بازی لے گیا،  ایمنیسٹی سے فائدہ اٹھانے والے 253 افراد کا تعلق سندھ سے ہے۔ پنجاب سے 100، اسلام آباد سے 17 اور  کے پی سے چار پاکستانی دبئی جائیدادوں کے مالک ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق 69 پاکستانیوں نے ٹیکس ریٹرنز میں دبئی جائیدادیں ظاہر کیں، جن میں سے 37 کا تعلق سندھ، پانچ کا پنجاب، 24 کا اسلام آباد، دو کا بلوچستان اور ایک کا تعلق کے پی سے ہے۔

دوسری جانب 82 پاکستانیوں نے دبئی میں جائیدادیں رکھنے سے انکار کیا، جن میں سے 55 کا تعلق سندھ، 23 کا پنجاب، ایک کا اسلام آباد اور تین کا تعلق  کے پی سےہے۔

220 پاکستانیوں نے دبئی جائیدادوں سے متعلق بیان خلفی جمع نہیں کرایا، بیان حلفی جمع نہ کرانے والوں میں 118 کا تعلق سندھ سے ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دبئی میں جائیداد رکھنے والا ایک پاکستانی مفرور ہے، دبئی جائیدادیں رکھنے والے 13 پاکستانی فوت ہوچکے ہیں، نو بے نامی افراد کی  شناخت سوشل میڈیا پروفائل سے ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں