کوئٹہ میں فائرنگ، سابق ڈی آئی جی پولیس نعیم کاکڑ جاں بحق

فوٹو: فائل


کوئٹہ کے علاقے اسٹنٹ جونئیر کالونی میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے سابق ڈی آئی جی پولیس محمد نعیم کاکڑ جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کی شب نعیم کاکڑ مسجد میں نمازِ عشاء پڑھ کر گھر کی طرف جا رہے تھے کہ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

زخمی سابق ڈی آئی جی کو تشویش ناک حالت میں سی ایم ایچ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

فائرنگ کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ۔

جائے وقوعہ سے 22 بور کے 5 خول برآمد ہوئے ہیں، یہی ہتھیار اس سے قبل نواں کلی اور طوغی روڈ پر پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہوئے تھے۔

سابق ڈی آئی جی محمد نعیم کاکڑ ایس ایچ او گوالمنڈی نثار خان کاکڑ کے والد تھے ۔

پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا نہ رکنے والا سلسلہ

کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں پر تسلسل کے ساتھ حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور رواں سال اب تک 40 سے زائد پولیس اہلکار دہشت گردی کا شکار ہو چکے ہیں۔

رواں سال کے آغاز پر 16 جنوری کو رئیسانی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار نصیر احمد شہید ہوا جب کہ دو روز بعد بعد ہی 18 جنوری کو زرغون روڈ پر صبح سویرے دو پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

28 فروری کو کوئٹہ کے اسمگلی روڈ پر نامعلوم افراد نے ڈی ایس پی حمید اللہ دشتی کی گاڑی پر فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کیا تھا جس میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

24 اپریل کو ائرپورٹ روڈ پر پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر خودکش حملے میں چھ پولیس اہلکار نشانہ بنے اور اسی روز میاں غنڈی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام بنایا گیا تھا۔

اگلے ماہ 28 مئی کو سرکی روڈ پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کیا، 25 جولائی کو عام انتخابات کے موقع پر کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کے قافلے پر خودکش حملے میں 30 سے زائد پولیس اہلکار اور عام شہری شہید ہوئے تھے تاہم ڈی آئی جی عبدالرزاق واقعے میں محفوظ رہے۔

25 اکتوبر کو کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار کو شہید کردیا گیا تھا۔ فائرنگ کا واقعہ نواں کلی کے علاقے میں پیش آیا جس میں پولیس اہلکار محمد موسیٰ شہید ہو گیا۔


متعلقہ خبریں