شہبازشریف سے نواز شریف سمیت دیگر اہل خانہ کی ملاقات


لاہور: میگا کرپشن اسکینڈلز میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف سے پی ایم ایل (ن) کے قائد نواز شریف سمیت اہل خانہ کے دیگر قریبی افراد نے تفصیلی ملاقات کی جس میں زیر تفتیش مقدمات سمیت وکلا کی کارکردگی پر بات چیت کی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق نیب دفتر میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں ان کی اہلیہ نصرت شہباز، حمزہ شہباز، یوسف عباس، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدرشامل تھے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی اپنے چھوٹے بھائی سے ملاقات تقریباً 50 منٹ جاری رہی جس کے بعد وہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے ہمراہ واپس روانہ ہوگئے۔ ملاقات کے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کے درمیان سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے ساتھ ان کی اہلیہ نصرت شہباز اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی ملاقات تقریباً اڈھائی گھنٹے تک جاری رہی جس کے دوران خاندانی امور پربھی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق گرفتار میاں شہباز شریف سے دوران ملاقات نواز شریف سمیت دیگر اہل خانہ نے خیریت دریافت کی اور کھانے پینے کی بابت پوچھا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ان کی اہلیہ اور صاحبزادے نے ادویات کے متعلق بھی دریافت کیا۔

شریف فیملی کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے حمزہ شہباز سے اپنے پوتے کے متعلق پوچھا اور ہدایت کی کہ اب ملاقات کے لیے آؤ تو پوتوں کو ساتھ لے کر آنا۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سے ان کے والد نے سلمان شہباز کی بیٹے کی بھی خیریت دریافت کی۔ سلمان شہباز کے گھر چند روز قبل بیٹے کی ولادت ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنی والدہ کی طبعیت کے متعلق بڑے بھائی نواز شریف سے دریافت کیا۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو اپنے بھائی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہبازشریف سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔

ہم نیوز نے صبح خبردی تھی کہ آج شام نوازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت خاندان کے دیگر افراد سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ ملاقات نیب کے لاہور آفس میں ہوگی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو پانچ اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔ شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں اختیارات کا نا جائز استعمال کیا اور من پسند افراد کو ٹھیکے دیے۔

شہباز شریف کا اب تک تین بار جسمانی ریمانڈ لیا جاچکا ہے لیکن تفتیش مکمل نہیں ہو سکی ہے۔


متعلقہ خبریں