تبلیغی جماعت کے امیر مولانا عبدالوہاب انتقال کر گئے

مرحوم کی نماز جنازہ رائیونڈ میں ادا کی گئی

فوٹو: فائل


لاہور: تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب علالت  کے بعد اتوار کے روز انتقال کر گئے، انہیں دس روز قبل ڈینگی کے باعث لاہور میں نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

مرحوم کی نماز جنازہ رائیونڈ میں ادا کر دی گئی جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی  چودھری پرویزالہٰی سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حاجی عبدالوہاب یکم جنوری 1928 میں دہلی میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے بعد پاکستان منتقل ہو گئے۔ آپ تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

انہوں نے اپنی تعلیم اسلامیہ کالج لاہور سے حاصل کی، 1944 میں جب وہ  تبلیغی جماعت کا حصہ بنے تو اس وقت آپ متحدہ ہندوستان میں ضلعی افسر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔

حاجی عبدالوہاب کو مولانا محمد الیاس کے قریبی ساتھی کے طور پر جانے جاتے تھے، آپ پاکستان کے ان پانچ لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی ساری زندگی تبلیغ میں گزاری۔

پی آئی کا خصوصی پرواز چلانے کا اعلان

قومی ایئرلائن پی آئی اے نے تبلیغی جماعت کے امیر محترم مولانا عبدالوہاب کے انتقال پر کراچی سے جنازہ میں شرکت کرنے والوں کے لیے دوپہر دو بجے کراچی سے لاہور کے لئے ایک خصوصی پرواز چلانے کا اعلان کیا ہے۔

پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے محترم مولانا عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا اظہار تعزیت

وزیر اعظم عمران خان نے تبلیغی جماعت کے امیر مولانا عبدالوہاب کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ حاجی عبدالوہاب کی بطور عالم دین شخصیت اور انکی گرانقدر دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔  وزیر اعظم نے حاجی عبدالوہاب کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا تعزیتی پیغام

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی مولانا عبدالوہاب کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحول کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی ہے۔ اپنے پیغام میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالوہاب کا نام اسلام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پیغام کی اشاعت و ترویج سے منسلک ہو کر پوری دنیا میں ممتاز ہے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا اظہار افسوس

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مولانا عبدالوہاب کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو ان کی رحلت کا صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر دے۔

ترجمان نون لیگ کے مطابق شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مولانا عبدالوہاب نے انسانوں کے اخلاق و عمل کو دین اسلام کے اصولوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے شاندار خدمت انجام دی، انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کی صورت میں ان کا یہ کار خیر انشاءاللہ جاری و ساری رہے گا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا اظہار تعزیت

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے  تبلیغی جماعت کے بانی مولانا عبدالوہاب کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بلند درجات کی دعا کی ہے۔

اپنے پیغام میں قائد نون لیگ کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالوہاب ان بزرگوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں جنہوں نے دین کی تبلیغ کے لئے اپنی زندگی وقف کی، اسلامی طرز زندگی کے احیاء اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت طیبہ کی تعلیم و تربیت میں آپ کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


متعلقہ خبریں