پاکستان اور یو اے ای اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے پرمتفق

وزیراعظم کی ابو ظہبی کے ولی عہد سے ملاقات | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ایک روزہ سرکاری دورے کے دوران ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید بن سلطان النیہیان سے ملاقات کی ہے۔

صدارتی پیلس میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدارتی پیلس پہنچنے پر ابوظہبی کے ولی عہد نے پاکستانی وزیراعظم کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر توانائی، وزیر پٹرولیم اور مشیر برائے تجارت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

یو اے ای کے ولی عہد وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کوطویل المدت اسٹراٹیجک اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنے پراتفاق کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق تاریخی شراکت داری کوفروغ دینے کے لیےفوری اقدامات کرنے پراتفاق رائے کے ساتھ طے کیا گیا کہ تجارتی اوراقتصادی تعلقات مزیدمضبوط بنائے جائیں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان یواےای کے اعلیٰ سطح اقتصادی وفد کےدورہ پاکستان کےنتائج پراطمینان کااظہارہوا اور تجارت، سرمایہ کاری و اقتصادی ترقی کے لیےلائحہ عمل طے کرنے پراتفاق کیا گیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق طے کیا گیا کہ دونوں ممالک کےمشترکہ وزارتی کمیشن کااجلاس فروری 2019میں ہوگا اور اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ زیرغورمعاہدوں کوجلد حتمی شکل دینےکیلئےمشاورت کی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سلامتی کےشعبوں میں تعاون پراطمینان کااظہارکیا اوراس عزم کا اظہارکیا کہ مشترکہ مشقوں اوردفاعی پیداوارمیں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے  ہرقسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کرکام کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ رواداری اورعدم مداخلت سے پائیدارامن واستحکام ممکن ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ولی عہد نے وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی قربانیاں اورکاوشیں قابل تعریف ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں یو اے ای کے بانی کوشاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کےسچےدوست تھے۔

وزیراعظم نے رواداری و سیاحت کےفروغ، اقتصادی ترقی میں ملنے والی کامیابیوں اور گڈ گورننس کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔

انہوں نے پولیو کے خاتمے میں یو اے ای کے تعاون کو بھی سراہا اوراقتصادی و سماجی ترقی کے لیے قیادت کے عزم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے نائب صدر اور وزیر اعظم متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی اہم ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان نے ماضی قریب میں بھی پاکستان کو معاشی بدحالی سے نکالنے کے لیے دوست ممالک کے دورے کیے ہیں اوراس دوران پاکستان نے معاشی مشکلات سے متعلق دوست ممالک کو آگاہ بھی کیا ہے۔

سعودی عرب اور چین ماضی میں پاکستانی معیشت کو سہارا دے چکے ہیں۔ سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کو تین ارب ڈالر نقد رقم اور ادھار تیل دینے کا وعدہ کیا ہے جس کی پہلی قسط آئندہ چند روز میں مل جائے گی۔

چین نے بھی مثبت جذبات کا اظہار کیا ہے اور دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ حکومتی وزرا کا کہنا ہے کہ انفرا سٹرکچر اور اہم قومی شعبوں میں نہ صرف فوری ریلیف حاصل ہوگا بلکہ سی پیک سمیت کئی ایک اہم منصوبوں کو مکمل کرنے میں بھی مدد حاصل ہو گی۔


متعلقہ خبریں