ماضی میں بلوچستان کے پراجیکٹ مکمل نہیں کیے گئے، جام کمال



کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے اس صوبے میں جو منصوبے شروع کیے انہیں مکمل نہیں کیا گیا اور عوام کے ٹیکس کا پیسہ ضائع ہوا۔

کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی اسکیم سے اس وقت فائدہ ہوتا ہے جب عوام مستفید ہوں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایک سوچ تھی کہ ماضی میں بلوچستان کی حکومتوں نے کارکردگی نہیں دکھائی، ماضی میں اسکیمات عوام کے فائدے کے لیے نہیں بلکہ اپنے مفاد کے لیے شروع کی گئی تھیں۔

جام کمال نے بتایا کہ گریٹر واٹر پروجیکٹ کے لیے اربوں روپے کی مشینری خریدی گئی لیکن اسے استعمال نہیں کیا گیا، انتظامی امور کو اگر بہتر نہ بنایا گیا تو ماضی کہ طرح موجودہ اسکیمات بھی فعال نہیں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی نظام اس وقت تک صحیح نہیں چل سکتا جب تک انتظامی امور ٹھیک نہ چلیں، ہمیں صوبے کی ترقی کے لیے سب سے پہلے سسٹم کو تبدیل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان اور بلوچستان کی خوشحالی نہیں دیکھ سکتا، دشمن کا مقابلہ سوچ سمجھ اور متحد ہو کے کیا جاتا ہے، اگر آپ کو اپنا مستقبل سوارنا ہے تو رنگ،نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا۔


متعلقہ خبریں