آج کےدور میں تخلیقی صلاحتیں بڑھ رہی ہیں، سلطانہ صدیقی



لاہور میں جاری فیض انٹرنیشنل فیسٹیول میں خصوصی سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں بچوں میں تخلیقی صلاحتیں دن بہ دن بڑھ رہی ہیں، آج بچوں کو بہت سے معاملات میں آزادی دی جاتی ہے۔

فیض فیسٹیول کے تیسرے اور آخری روز ڈرامہ نگاری سے متعلق منقعد کیے گئے سیشن “بات کہاں ٹھہری” میں بات کرتے ہوئے ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ پہلے بچیوں کے سوال کرنے پر اعتراض کیا جاتا تھا لیکن اب بچیاں اپنے حقوق کے لیے بولنا سیکھ گئی ہیں۔

ڈرامہ نگاری سے متعلق بات کرتے ہوئے سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ آج کل پی ٹی وی کا ڈرامہ مقابلے میں کیوں نہیں آرہا؟ آج کل چینلز اتنے زیادہ ہیں لیکن ڈرامے میں مقصدیت کے ساتھ ساتھ انٹرٹینمنٹ اور تخلیقی چیزوں پر دھیان رکھنا بھی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کل کرنٹ افیئرز اور انٹرٹینمنٹ میں کافی فرق دیکھنے میں آرہا ہے، جس طرح کے کرنٹ افیئرز کو ہائی لائٹ کیا جا رہا ہے چینلز خود ہی اپنی ویور شپ کھو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرٹینمنٹ آئے تو ہمارے معاشرے میں مثبت رویے آئیں گے، کرنٹ افیئرز ہماری ذمہ داری ہے لیکن ہر وقت ذمہ داری سے پیٹ نہیں بھرا جا سکتا۔

صدر ہم نیٹ ورک کا کہنا تھا کہ معاشرے میں مثبت چیزیں لائیں گے تو لوگوں کے رویے اور عادتیں بدل سکیں گے۔

سیشن کے دوران معروف ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید اور ڈائریکٹر کاشف نثار بھی پینل کا حصہ تھے۔

واضح رہے الحمرا آرٹس کونسل میں جاری فیض احمد فیض انٹرنیشنل فیسٹیول کے تیسرے اور آخری روز ادب، فنون لطیفہ، سیاست پرمختلف سیشن منعقد کیے گئے اور اپنی تمام رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ  فیض احمد فیض انٹرنیشنل فیسٹیول اختتام پذیز ہوگیا۔


متعلقہ خبریں