“پارلیمنٹ میں کرپشن کی بات کرو تو اپوزیشن واک آؤٹ کر جاتی ہے”



جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں اور حکمران میٹرو بناتے رہے۔

فتح پور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر سال جہلم سے اربوں روپے قومی خزانے میں جاتے ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہلم میں ہزاروں سال پرانی تاریخ کے امین لوگ بستے ہیں، آج ہمارے یہاں کے سپاہی، کسان اور سرکاری ملازم حق مانگ رہے ہیں، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان علاقوں کو باقی اضلاع کے قریب لانے کے لیے اقدامات کرے۔

اپنے خطاب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے اسمبلی میں بتایا کہ 1500 ارب روپیہ بلوچستان میں گیا لیکن کوئٹہ میں اسپتال نہیں ہے، کوئی حادثہ ہو تو جہازوں میں کراچی لے جایا جاتا ہے، ان سے سوال پوچھو تو یہ لوگ کہتے ہیں کہ میں پارلیمنٹ نہیں چلنے دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسا نظام لائیں گے کہ عوام کا پیسہ ان کی مرضی سے ہی استعمال ہو سکے، لیکن یہاں پارلیمنٹ میں کرپشن کی بات کرو تو اپوزیشن واک آؤٹ کر جاتی ہے۔ پارلیمانی نظام خطرے میں پڑ جاتا ہے۔

انہوں نے جہلم کی عوام سے وعدہ کیا کہ ان کا حق اسلام آباد اور لاہور سے لا کر انہیں ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری عزت اپنے لوگوں سے ہے، پاکستان تحریک انصاف نے اپنے لوگوں سے جو وعدے کیے وہ پورے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں