ملتان: طویل آپریشن کے بعد بچے کا ہاتھ جوڑ دیا گیا


ملتان: ملتان کے نشتر اسپتال کے ڈاکٹروں نے طویل آپریشن کے بعد چار سالہ بچے کا کٹا ہواہاتھ کامیابی سے جوڑ دیا۔

ہم نیوز کے مطابق جهنگ کے رہائشی چار سالہ حسن کا ہاتھ گزشتہ روز کهیلتے ہوئے ٹوکا مشین میں آ کر کٹ گیا تھا جس کے بعد ریسکیو 1122 نے متاثرہ بچے کو جھنگ سے نشتر اسپتال منتقل کیا تھا۔ جہاں ماڈرن برن یونٹ کے ڈاکٹر احمد ملک نے اپنی ٹیم کے ہمراہ  آٹھ گهنٹے کے طویل آپریشن کے بعد بچے کا ہاتھ کامیابی سے جوڑ دیا۔

ڈاکٹر احمد ملک نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسن کے ہاتھ کو مکمل فعال کرنے کے لیے ایک ہفتے بعد ایک اور سرجری کی جائے گی جس کے بعد وہ پہلےکی طرح اس کا ستعمال کرسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حسن کا کامیاب آپریشن ناصرف ان کی بلکہ ان کی پوری ٹیم کی بہت بڑی کامیابی ہے اور بلاشبہ یہ بہت خوشی کی بات ہے۔

ڈاکٹر احمد ملک نے ان واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹوکا مشین سے حادثوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اسی لیے والدین اپنے بچوں پر اس حوالے سے خصوصی توجہ رکھیں۔

ٹوکا میشن کیا ہے؟

ٹوکا میشن گھاس کاٹنے یا جانوروں کا چارہ کاٹنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ دو طرح کی ہوتی ہے اسے ہاتھ سے بھی استعمال کیا جاتا ہے جبکہ بجلی سے چلنے والی ٹوکا میشن سے بھی کام کیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں