پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی انتخابات پر بھی یوٹرن


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے پر بھی یو ٹرن لے لیا ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے عام انتخابات کے فوری بعد انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے اور پارٹی انتخابات اب آئندہ بلدیاتی انتخابات کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وزیر اعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے لیے عبوری سیٹ اپ لانے کی بھی منظوری دے دی ہے جب کہ انٹرا پارٹی انتخابات اندرونی اختلافات کے خدشے کے باعث مؤخر کیے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے پارٹی انتخابات مؤخر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پارٹی کی وجہ بلدیاتی انتخابات کی طرف ہے اس لیے انٹرا پارٹی انتخابات آئندہ سال منعقد کیے جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کا طریقہ کار وضع کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات دوسری جماعتوں کی طرح بند کمرے میں نہیں ہوں گے اور کوئی بھی پارٹی رکن عمران خان کے خلاف بھی انتخابات میں کھڑا ہوسکتا ہے جب کہ کارکنان اپنے پارٹی سربراہ کو براہ راست منتخب کریں گے۔


متعلقہ خبریں