القاعدہ کا اہم رہنما کراچی سے گرفتار



کراچی: کراچی میں سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے محافظ عمر جلال کاٹھیو کو گرفتار کر لیا ہے۔

ملک بھر میں کالعدم تنظیموں کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے اہم کارروائی کے دوران اسامہ بن لادن کے ذاتی محافظ اور ڈرائیور محمد عمر عرف جلال کاٹھیو کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ جلال کاٹھیو کے علاوہ بھی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔

محمد عمر عرف جلال کاٹھیو پاکستانی میڈیا بالخصوص صحافی برادری میں سانحہ صفورہ کے بعد مشہور ہوا ہے۔ جلال کاٹھیو کے علاوہ القاعدہ کے حوالے سے مزید اہم گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق جلال کاٹھیو  کراچی کے ایک علاقے ’کوٹری‘ میں ایک بستی جس کا نام ’خدا کی بستی‘ ہے وہاں پر رہائش پزیر تھا۔

جلال کاٹھیو القاعدہ سربراہ ڈاکٹر ایمن الظواہری سے مسلسل رابطے میں تھا جب کہ وہ القاعدہ کو فراہم کی جانے والی مالی معاونت کی دیکھ بھال بھی کرتا تھا۔ جلال کاٹھیو کا نام سانحہ صفورا میں بھی سامنے آیا تھا۔

محمد عمر عرف جلال کاٹھیو نے تیسری شادی ایمن الظواہری کی بیٹی سے کی ہوئی ہے جب کہ جلال کاٹھیو کی ایک بیوی ڈاکٹر سعدیہ افغانستان میں ہی رہائش پذیر ہے۔ جو کافی حد تک خواتین کی تربیت میں ملوث پائی گئی ہیں۔ جلال کاٹھیو القاعدہ کے لوگوں کے لئے پاکستان میں رہائش اور کھانے پینے کا انتظام بھی کرتا تھا۔

ذرائع کے مطابق  القاعدہ کے زخمی ہونے والے افراد کے علاج معالجہ پاکستان میں کرانے کا ذمہ دار بھی جلا ل کاٹھیو تھا جب کہ اسامہ بن لادن پاکستانیوں میں صرف جلال کاٹھیو پر ہی اعتماد کرتا تھا۔

اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والے ایک خط میں بھی جلال کاٹھیو کا ذکر تھا جس میں واضح طور پر لکھا ہوا تھا کہ پاکستانیوں میں صرف جلال کاٹھیو ہی قابل اعتماد ہے۔

جلال کاٹھیو کا تعلق سندھ کے علاقے کوٹری خدا کی بستی سے ہے جب کہ وہ عربی زبان سے بھی اچھی واقفیت رکھتا ہے۔


متعلقہ خبریں