لاہور: سرکاری اسکولوں کے سربراہان کو شوکاز نوٹس جاری


لاہور: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 20 کے قریب لاہور کے سرکاری اسکولوں کے سربراہان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

ایجوکیشن اتھارٹی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اسکول سربراہان فوری طور پر جوابات جمع کرائیں نہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق ترجمان ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی حکام کا یہ بھی بتانا تھا کہ اسکولوں میں صاف پانی کی عدم فراہمی، بیت الخلاء کی خراب حالت، باؤنڈری وال نہ ہونے کے مسائل ہیں۔

مذکورہ اسکولوں کے سربراہان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر جواب جمع کرانے کے بھی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل پنجاب کے تمام اضلاع کے پرائمری، سیکنڈری اور ہائر اسکولز کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نان سیلری فنڈ جاری کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد صوبائی حکومت کی طرف سے جاری پانچ ارب 32 کروڑ روپے کی رقم پنجاب کے 36 اضلاع کے سرکاری اسکولز کے مستفید ہونے کے لیے جاری کی گئی تھی۔

جاری کردہ ہدایت کے مطابق یہ فنڈز مرمت، فرنیچر، پارٹ ٹائم اسٹاف اور دیگر اخراجات کے لیے استعمال ہونے تھے اور اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو جو مراسلہ ارسال کیا تھا اس کے مطابق بھی اسکول سربراہان کو فنڈز درست جگہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں