بچوں کو امن کی اہمیت سے واقف کرنا ضروری ہے، بلاول 


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امن کوخوشحالی کی واحد ضمانت قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ کرہِ ارض کو محفوظ گھر بنانے کے لیے بچوں کو امن کی اہمیت سے واقف کیا جانا ضروری ہے۔

بچوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بچوں کو ہر قسم کی انتہاپسندی سے دوررکھ  کر انہیں نسلی اور مذہبی امتیاز سے دور رکھ کر پھلنے پھولنے دیا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ ریاست، معاشرے، محلے اور والدین کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو ہر قسم کے استحصال، تشدد اور دیگر برائیوں سے بچائیں اور اس کے ساتھ  ساتھ انہیں تعلیم و صحت کی سہولتوں کے یکساں مواقع میسرکریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ چائلڈ اتھارٹی ایکٹ 2011، سندھ رائٹ آف چلڈرن ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2013، سندھ چائلڈ میریج رسٹرینٹ ایکٹ2013، پروٹیکشن آف بریسٹ فیڈنگ رولز-2009 اور سندھ پروٹیکشن اینڈ دی پروموشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ چائلڈ نیوٹریشن ایکٹ 2013 جیسی اہم قانون سازی کی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دایا کہ ان  تمام قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائےاور بچوں کی بہبود کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ اِس سیارے پر ان کا سفر انتہائی دلچسپ اور خوبصورت گزرے۔

پیپلز پارٹی کے ملیر آفس کے سابق صدر مرحوم عمر جت کی دوسری برسی کے موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنما مرحوم عمر جت کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

مرحوم عمر جت کی جمہوریت کے لیے جدوجہد و قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ پارٹی اور ملک کے لیے ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔  پارٹی قیادت، کارکنان اور ملیر کی عوام کو مرحوم عمر جت ہمیشہ یاد رہیں گے۔


متعلقہ خبریں