خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، نیول چیف


کراچی: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ ہائبرڈ وار فیئر پر مشتمل عصر روا ں کے خطرات اس امر کے متقاضی ہیں کہ پاک بحریہ جامع جنگی مشقوں او رسوچ بچار کے ذریعے مستقل اپنے آپریشنل منصوبوں پر نظر رکھے او ر ان کا جا ئزہ بھی لے۔

انہوں نے پاک بحریہ کی بڑی جنگی مشق ’سی اسپارک 2018‘ کے اختتامی سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں منعقد ہ اس مشق میں ہوائی و بحری جہاز وں، آبدوزوں، اسپیشل فورسز او ر میرینز سمیت پاک بحریہ کے تمام یونٹس نے شرکت کی۔

پاکستان میری ٹائم سیکیوریٹی ایجینسی، پاکستان ائیر فورس اور پاکستان آرمی کے فضائی نگرانی کے شعبوں نے بھی مشق ’سی اسپارک 2018‘ میں شرکت کی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے خطاب میں اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

تقریب میں تینوں مسلح افواج کے اعلٰی افسران او ر مختلف وزارتوں کے نمائندگان سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف ( آپریشنز) فیصل رسول لودھی نے مشق کا جائزہ پیش کیا۔ بعد ازاں مشق کا مفصل ڈی بریف سیشن منعقد ہوا جس میں مشق کے انعقاد سے اہم نتائج اخذ کرنے کے لیے تمام جہتوں پر تفصیل سے بات کی گئی۔

حالیہ زمینی حقائق کا تقا ضہ ہے کہ پاک بحریہ امن و جنگ میں مستعدی کا مظاہرہ کرے۔ اسی تناظر میں ملک کے سیکیوریٹی خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے پاک بحریہ کی جنگی تیاری او ر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے اس مشق کا انعقاد کیا گیا۔

بحری حدو د میں آپریشنل نظریات کو راسخ کرنا اس مشق کا ایک بنیادی مقصد تھا۔ اس مشق نے پاک بحریہ کے یونٹس کو اپنی پیشہ ورانہ جنگی صلاحیتوں سے مشترکہ طور پر بہتر نتائج حاصل کرنے کی مشق کا ایک سنہری موقع بھی فراہم کیا۔

امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنی اختتامی تقریر میں مشق کے دورا ن پیشہ ورانہ کارکردگی کے مظاہرے کو سراہا اور مشق کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ اس اختتامی سیشن کو بعد ازاں ہونے والی کارروائیوں کے آغاز کے طور پر لیا جائے جس میں تمام کمانڈز پاک بحریہ کے آپریشنل منصوبوں کا جامع طور پر جائزہ لیں۔


متعلقہ خبریں