سیاحت کو صنعت بنانے کیلئے رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا، وزیراعظم

اجلاس میں قومی سیاحتی رابطہ بورڈ بنانے کی تجویز


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے سیاحت سے متعلق قائم ٹاسک فورس کے اجلاس کے دوران قومی سیاحتی رابطہ بورڈ بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

پیر کے روز ہونے والے اجلاس میں سیاحتی شعبے کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے سیاحت کے شعبے میں بہتری کے لیے صوبوں سے ایکشن پلان بھی مانگ  لیا ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت جاری کی کہ ملک بھر میں عالمی سطح کی سیاسی پالیسی متعارف کرائی جائے۔

اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے شعبے میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ وسائل ہیں۔

پچھلے تین سالوں میں سیاحت کے شعبے کو وسعت ملی ہے۔ سیاحت کو انڈسٹری بنانے کے لیے تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔

اسی مناسبت سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان آمد پر سہولیات دینا ضروری ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی پروجیکٹ کی تعمیر میں ماحولیات کا خاص خیال رکھا جائے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی سطح پر سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کیے جائیں۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سیاحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہوا۔ قومی سیاحتی رابطہ بورڈ میں سرکاری اور نجی ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔

تمام صوبوں سمیت گلگت بلتستان کے ارکان بھی بورڈ میں شامل ہوں گے۔

بورڈ سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے قومی اور عالمی اداروں سے رابطے میں رہے گا۔


متعلقہ خبریں