خوشحالی کی واحد ضمانت امن ہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

نیا پاکستان عوام کے لیے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، بلاول

فوٹو: فائل


کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انسانیت کے آگے بڑھنے اور خوشحالی کی واحد ضمانت امن ہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  بچوں کو ہر قسم کی انتہا پسندی سے دور رکھ کر انہیں بقائے باہمی پر قائم دنیا میں پھلنے پھولنے دیا جائے۔  بچوں کو استحصال، تشدد اور دیگر برائیوں سے بچانا جب کہ بچوں کو تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی ریاست، معاشرے اور والدین کی ذمے داری ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دنیا کو آئندہ نسلوں کے لیے بھی محفوظ گھر بنانے کے لیے بچوں کو امن کی اہمیت سے واقف کیا جائے جب کہ بچوں کی بہبود کو ملحوظِ خاطر رکھ کر قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بچوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے نمایاں قانون سازی کی گئی ہے۔  صوبائی اسمبلی نے سندھ چائلڈ اتھارٹی ایکٹ-2011 اور سندھ رائٹ آف چلڈرن ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ-2013 منظور کیا گیا جب کہ بچوں کی شادیوں کی روک تھام کے لیے سندھ چائلڈ میریج ایکٹ-2013 منظور اور سندھ پروٹیکشن اینڈ دی پروموشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ چائیلڈ نیوٹریشن ایکٹ-2013 اب قانون کا حصہ ہیں۔

بلاول بھٹو نے حکومت کو مشورہ دیا کہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ اِس سیارے پر بچوں کا سفر انتہائی دلچسپ اور خوبصورت گزرے۔


متعلقہ خبریں