طاہر داوڑ قتل کیس: ناقص تفتیش پر جے آئی ٹی سربراہ تبدیل

طاہر داوڑ قتل کیس: ناقص تفتیش پر جے آئی ٹی سربراہ تبدیل | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد: ایس پی طاہر داوڑ قتل کیس میں تفتیش کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی) کے سربراہ گلفام ناصر کو ناقص تفتیش کرنے پر ہٹا دیا گیا ہے۔

ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ایس پی انویسٹی گیشن گلفام ناصر کو ہٹانے کا فیصلہ جے آئی ٹی کے دوسرے اجلاس میں کیا گیا ہے اور ان کی جگہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل راجہ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر داوڑ کے اغوا پر تحقیقات کی بجائے ایس پی انویسٹی گیشن گلفام ناصر طویل چھٹی پر چلے گئے تھے۔

جے آئی ٹی کے پہلے اجلاس میں طاہر خان قتل کی ازسرنو تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا تھا اور  علاقے کی جیو فینسنگ اور شہر کے مختلف جگہوں پر نصب سیف سٹی کے کیمروں کا ریکارڈ طلب کیا گیا تھا۔

پہلے اجلاس میں جی الیون، ایف ٹین سمیت شہر کے داخلی وخارجی راستوں کی فوٹیج بھی منگوائی گئی تھی۔ جے آئی ٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ طاہر خان داوڑ کے گھر کون کون آتا تھا، بھائی اور اہلخانہ کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔

ایس پی طاہر داوڑ کے قتل کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، آئی بی، ایم آئی کا ایک ایک نمائندہ، ایس ڈی پی اوشالیمار اور ڈی ایس پی سی آئی ڈی بھی شامل ہیں۔

مذکورہ جے آئی ٹی نے 45 دنوں میں رپورٹ جمع کروانی ہے۔

 


متعلقہ خبریں