بچوں کی ہلاکت، عدالت نے فوڈ اتھارٹی کو میڈیا پر بیانات سے روک دیا

کتے کے کاٹنے پر عدالت کا 2 ارکان سندھ اسمبلی کو معطل کرنے کا حکم

فوٹو: فائل


کراچی: ہائیکورٹ نے کراچی میں مضر صحت کھانا کھانے سے بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر سندھ فوڈ اتھارٹی کو میڈیا پر بیانات دینے سے روک دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں ایری زونا ہوٹل کے مالک کی  سندھ فوڈ اتھارٹی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی، جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے چیئرمین فوڈ اتھارٹی ابرار شیخ سے استفسار کیا کہ آپ نے رپورٹ آنے سے قبل میڈیا پر بیانات کیوں دیے؟

ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے عدالت کو بتایا کہ میں نے میڈیا کو صرف یہ بتایا کہ یہاں کیا ہوا اور کیسے ہوا۔ دوران سماعت وکیل درخواست گزار اور چیئرمیں سندھ فوڈ اتھارٹی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ چیئرمین صاحب کو میڈیا میں آنے کا شوق ہے، جیسے ہی واقعہ ہوا انہوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے ریسٹورنٹ کے خلاف بیان دے دیا۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہماری خلاف میڈیا کمپین شروع کر رکھی ہے اور لوگوں کو حقائق کے برعکس  گمراہ کر رہی ہے۔

ابرار شیخ نے کہا کہ مجھے میڈیا میں آنے کا کوئی شوق نہیں، میڈیا والے مجھ سے پہلے وہاں پہنچ چکے تھے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ریسٹورنٹ میں 2015 کا گوشت پڑا ہوا تھا، واقعے کے بعد ہم نے ریسٹورنٹ سیل کیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہمارا ریسٹورنٹ سیل نہیں کیا ہم نے رضا کارانہ طور پر خود بند کیا ہے اور ایکسپائر گوشت صرف سیمپل کی طرح رکھا ہوا تھا۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ فوڈ اتھارٹی کو ہمارے خلاف مہم سے روکا جائے۔

عدالت نے معاملے کی رپورٹ منظر عام پر آنے تک چیئرمین فوڈ اتھارٹی کو میڈیا پر بیانات دینے سے روک دیا۔ ابرار شیخ نے عدالت کو بتایا کہ 25 نومبر تک رپورٹ آجائے گی، اس کے بعد ہم فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کریں گے۔

عدالت نے رپورٹ کی نقول درخواست گزار کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے  گزشتہ ہفتے نجی ریسٹورنٹ ایریزونا گرل سے کھانا کھانے کے بعد دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ان کی والدہ شدید علیل رہیں تھیں۔ دونوں بچے اپنی ماں کے ہمراہ نجی ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے تھے۔

واقعہ کے بعد ریسٹورنٹ کو فوری طور پر سیل کردیا گیا تھا۔ دوران تفتیش ریسٹورنٹ کے گودام سے استعمال کی معیاد ختم ہونے والا گوشت بھی پایا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں