جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار آج برطانیہ روانہ ہوں گے

فوٹو: فائل


سپریم کورٹ: جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا ہے۔  سینئر جج جسٹس عظمت سعید شیخ نے سپریم کورٹ میں منقعدہ تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے  دورہ برطانیہ کے دوران جسٹس گلزار احمد قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

واضح رہے چیف جسٹس ثاقب نثار آج ڈیم فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں 7 روزہ دورے پر برطانیہ روانہ ہوں گے، سینیئر قانون دان ظفر اقبال کلانوری اور سپریم کورٹ بار کے سابق صدر پیر کلیم احمد خورشید بھی چیف جسٹس کے ہمراہ جائیں گے۔

اپنے دورے کے دوران چیف جسٹس فنڈ ریزنگ سے متعلق تقریبات میں شرکت کریں گے۔ شیڈول کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار 21 نومبر کو برطانوی پارلیمنٹ میں مسلم ارکان سے خطاب بھی کریں گے۔

چیف جسٹس لاء سوسائٹی آف سولسٹرز اور لاء سوسائٹی آف بیرسٹرز سے خطاب کریں گے، 22 نومبر کو چیف جسٹس پاکستان لندن میں وائٹ کالر کرائم کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے اور بین الاقوامی مصالحتی ادارے (CIArb) کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔

چیف جسٹس مانچسٹر اور برمنگھم میں فنڈ ریزنگ تقریبات میں پاکستانیوں سے خطاب کریں گے۔


متعلقہ خبریں