آئی ایم ایف سے اپنی شرائط پر قرض لیں گے، عامرمحمود

چین کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، رہنما پی ٹی آئی

  •  پہلے روز سے ہی آئی ایم ایف کے پاس  جانے کے حق میں تھے،محمد زبیر
  • ابھی پاکستان امریکہ سے اپنی شرائط منوانے کی پوزیشن میں نہیں، جنرل غلام مصطفیٰ 

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامرمحمود کیانی نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف سے اپنی شرائط پر قرض لیں گے اور ایسا ہرگز نہیں ہوگا کہ ان کی تمام شرائط مان لی جائیں۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  ہمیں چین کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

 پہلے روز سے ہی آئی ایم ایف کے پاس  جانے کے حق میں تھے،محمد زبیر

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ گزشتہ 70 برسوں میں ملکی معیشت تباہ کی گئی۔

پروگرام میں موجود سابق گورنرسندھ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ وہ پہلے روز سے اس حق میں تھے کے حکومت آئی ایم ایف سے رجوع کرے، آئی ایم ایف کی شرائط ہمیشہ سے سخت ہی رہیں لیکن اس کی دیگر شرائط دراصل ملک کو فائدہ ہی دیتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت کی پوزیشن سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ ابھی بیرون ممالک سے امداد ملنے یا نہ ملنے کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکی رویہ کوئی نیا نہیں امریکہ وہ ہی کرے گا جو اس نے کرنا ہے لیکن ہمیں امریکہ سے تعلقات بہتر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہمارا انحصار امریکی ٹیکنالوجی پر ہے۔

ابھی پاکستان امریکہ سے اپنی شرائط منوانے کی پوزیشن میں نہیں، جنرل غلام مصطفیٰ 

تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل غلام مصطفیٰ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ابھی اس پوزیشن میں نہیں کہ ہم امریکہ سے اپنی شرائط منوا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی حکومت ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان پرتنقید کے بعد وزیراعظم عمران خان کی ٹوئیٹس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ردعمل غلط نہیں لیکن دور اندیش ہوکرسوچا جائے تو اس طرح کی چیزوں سے گریز کرنا ہی بہتر ہے۔


متعلقہ خبریں