ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں جاری

اسلام آباد میں سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا

  • کراچی: فیضان مدینہ میں مرکزی اجتماع
  • لاہور میں بچے، بڑے گلیوں، بازاروں کو سجانے میں مصروف
  • فیصل آباد میں جشن آمد ﷺ کے سلسلے میں 63 من وزنی کیک تیار

 لاہور/کراچی/راولپنڈی: پورے ملک میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ کراچی، لاہو، ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں محافل میلاد کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ 12 ربیع الاول پر بھی ریلیوں اور جلسوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اسلام آباد میں سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا

اسلام آباد میں تمام سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ بعض نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے اورکل جشن عید میلاد النبی ﷺ  کے سلسلے میں محافل نعت و میلاد کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

کراچی: فیضان مدینہ میں مرکزی اجتماع

اسی طرح کراچی عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے فیضان مدینہ میں مرکزی اجتماع منعقد کیا گیا جس میں سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی، رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان اور ایم پی ارسلان تاج بھی فیضان مدینہ پہنچے۔

دوسری جانب جے ڈی سی کی جانب سے نمائش چورنگی پر عید میلاد النبی ﷺ  کی مناسبت سے چراغاں کیا گیا جبکہ 38 ہزار چراغ  بھی روشن کیے جائیں گے۔

کراچی میں رات گئے معروف نعت خوانوں کی جانب سے بارگاہ رسالت ﷺ میں نظرانہ عقیدت جاری رہے گا۔

لاہور:  جاتی امرا میں شریف فیملی کے گھر پر چراغاں

لاہورمیں بھی جاتی امرا میں شریف فیملی کے گھر کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جبکہ عیدمیلاد النبی ﷺ کی خوشی محفل میلاد کا بھی انعقاد کیا جائے گا جبکہ شہر بھر میں سرکاری اور نجی عمارتوں کو سجایا گیا ہے اور آج ریلیوں اور جلسے جلوس کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب جشن ولادت مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں بچے، بڑے سب ہی گلیوں، بازاروں کو سجانے میں مصروف ہیں۔

راولپنڈی: عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس کل  دن دس بجے نکالا جائے گا

راولپنڈی میں بھی عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس کل  دن دس بجے مرکزی جامع مسجد سے شروع  نکالا جائے گا۔

پیر نقیب الرحمان عید گاہ شریف، مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کے عہدیداران اور اراکین اسمبلی جلوس کا افتتاح کریں گے۔ جلوس جامع مسجد روڈ سے بنی چوک ، مری روڈ کمیٹی چوک، اقبال روڈ راجہ بازار کے روایتی راستوں سے گزرے گا۔

جلوس کے راستوں میں استقبالیہ میلاد کیمپ، لنگر اور سبیلیں لگائی جائیں گی، جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز اور خار دار تاریں لگائی جائیں گی۔

مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے دو ہزار افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔ مختلف مقامات پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادلہ راستے بنا دیئے گئے تھے جبکہ رات سے ہی شہرمیں ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

فیصل آباد میں جشن آمد ﷺ کے سلسلے میں 63 من وزنی کیک تیار

ملک بھر کی طرح فیصل آباد اور چنیوٹ میں بھی جشن آمد ﷺ کے سلسلے میں تیاریاں زوروں پر ہیں۔ اسی سلسلے میں 63 من وزنی کیک تیارکرلیا گیا۔ جبکہ مساجد، گھر، دکانیں اور بڑی بڑی عالیٰ شان عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔

ملتان میں اسمائے رسول ﷺ کے فن پاروں کی نمائش 

اسی طرح ملتان آرٹس کونسل میں خطاطی کی خوبصورت نمائش منعقد کی گئی جس میں اسمائے رسول ﷺ کے فن پاروں کو پیش کیا گیا، شہریوں نے آرٹسٹ کی تخلیق کو خوب سراہا۔


متعلقہ خبریں