پاکستان کا راستہ ریاست مدینہ ہے،ربیع الاول پر وزیر اعظم کا پیغام

سعودی عرب کو طاقتور ملک دیکھنا چاہتے ہیں، عمران خان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ رحمتہ العالمین ﷺ کے امتی  ہیں اور ایک ایسی ریاست جو اسلام کے نام پر معرضِ وجود میں آئی اس کا واحد راستہ ریاست مدینہ ہی ہے۔

12 ربیع الاول کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیر اعظم نے اہلیان وطن کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آج ہم بھی وطن عزیز پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز پر ڈھالنے کی کوشش کریں کیونکہ اسی میں ہم سب کی بقا  اورسربلندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک ایسی نسل تیار فرمائی جس نے ساری دنیا میں اسلام کے منصفانہ اور عادل پر مبنی قوانین کا درس دیا اورجب تک یہ نظام بالا دست رہا اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات اور مذہبی رواداری کے وہ مناظر دکھاتا رہا جنھیں دیکھنے کی آج نہ معلوم کتنی آنکھیں منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ انسانی فلاح وبہبود کے حوالہ سے ایک ایسی مثالی ریاست تھی، جس کی اس دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملتی اسی لیے موجودہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ریاستی امور کے حوالے سے اس مثالی ریاست سے بھرپور رہنمائی حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے رہنمائی کا سب سے بڑا اور موثر ذریعہ بھی ریاست مدنیہ ہی ہے۔ اور ہم چاہتے ہیں کہ وطن عزیز بھی ریاست مدینہ کی طرز پرمساوات، عدل وانصاف کی فراہمی اور مذہبی رواداری کا وہ منظر پیش کرے جس کا ہم سب کو انتظار ہے۔


متعلقہ خبریں