ملک بھر میں 12 ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ملک بھر میں 12 ربیع الاول انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ ملک بھر میں ریلیاں اور کانفرنسز منعقد کی گئیں جبکہ محافل میلاد اور جلسوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

وفاقی اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں پاک فوج کے دستے نے 21 توپوں کی سلامی پیش کی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ توپوں کی سلامی کے بعد ملکی سلامتی کے لیے دُعائیں بھی کی گئیں۔

راولپنڈی میں جشن میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس جامع مسجد سے شروع ہونے کے بعد بنی چوک، مری روڈ کمیٹی چوک، اقبال روڈ راجہ بازار سے گزرا۔ پیر نقیب الرحمان عیدگاہ شریف، مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کے عہدیداران اور اراکین اسمبلی جلوس کے ساتھ رہے۔

جلوس کے راستوں میں استقبالیہ کیمپ، لنگر اور سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں جبکہ جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز اور خاردار تاریں لگائی گئیں۔ مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے دو ہزار افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ۔

لاہور میں میلاد النبیﷺ کا جلوس ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوا جو برانڈرتھ روڈ، شاہ عالم چوک، انارکلی، لوہاری گیٹ، موری گیٹ اور بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا داتا دربار پہنچ کر اختیام پذیر ہوا۔ جلوس میں مختلف علاقوں سے 50 سے زائد چھوٹے جلوس شامل ہوئے۔

جلوس کے راستوں میں 100 سے زائد سبیلیں، لنگر اور چائے کے اسٹالز بھی لگائے گئے۔

لاہور میں گزشتہ شب مینار پاکستان پر 35 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں منہاج القرآن کے بانی طاہر القادری نے بھی خطاب کیا۔

مختلف شہروں میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی جب کہ کراچی میں 38 ہزار دیئے روشن کیے گئے۔

کراچی میں مجموعی طور پر چھوٹے بڑے 296 جلوس نکالے گئے جبکہ مرکزی جلوس میمن مسجد سے نکالا گیا  جو نشترپارک پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا اور نشتر پارک میں علمائے کرام نے جلوس کے شرکا سے خطاب کیا۔


متعلقہ خبریں