پاکستان زراعت کے شعبے میں ملائیشیا سے تعاون کرے گا، شاہ محمود

فوٹو: ہم نیوز


کوالالمپور: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ملائیشیا کو جانوروں کی خوراک اور زرعی مصنوعات فراہم کرے گا جب کہ ملائیشیا سیاحت کے شعبے اور آسیان میں ڈائیلاگ پارٹنر کے لیے مدد کرے گا۔

وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملائیشیا کے دورے کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا میں تعلقات بہتری کی جانب بڑھنے کی امید ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جو فاصلے تھے وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ختم کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملائیشیا سے درخواست کی ہے کہ وہ آسیان میں فل ڈائیلاگ پارٹنر شپ میں ہماری مدد کرے جس کی ملائیشیا نے حامی بھری ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے ہی اس بات کو قبول کیا گیا ہے کہ ہمارے تعلقات تاریخی طور پر مثالی نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ اب دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بنائے جا رہے ہیں جب کہ ہم نے ملائیشیا کو زراعت کے شعبے میں مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان آمدورفت کی مشکلات کو کم کرنے پر بھی بات کی گئی ہے اور ایک ایم او یو سائن کیا گیا ہے جس کے بعد اب آفیشل اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے کی بندش ختم کر دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں