جنوبی کوریا کے ’کم جونگ ینگ‘ انٹرپول کے سربراہ منتخب


ابو ظہبی: جنوبی کوریا کے کم جونگ ینگ انٹر نیشنل پولیس ’انٹرپول‘ کے سربراہ منتخب ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ان کا انتخاب متحدہ عرب امارات میں رکن ممالک کے منعقد اجلاس میں کیا گیا۔ کم جونگ ینگ کے متعلق عالمی تاثر یہ ہے کہ انہیں امریکی حمایت حاصل ہے۔ وہ فی الوقت انٹرپول کے قائم مقام سربراہ کے طور پر کام کررہے تھے۔

جنوبی کوریا کے کم جونگ ینگ کو عارضی سربراہی اس وقت دی گئی جب انٹرپول کے سابق سربراہ مینگ ہونگ وائی چین میں لاپتہ ہوگئے تھے۔ اس کے بعد میں ان کے حوالے سے تقریباً دو ماہ قبل یہ خبر منظر عام پر آئی کہ انہیں چین میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سابق سربراہ مینگ ہونگ وائی کا انتخاب 2020 تک کے لیے عمل میں آیا تھا۔

کم جونگ ینگ کے انتخاب سے قبل روس کے الیگزینڈر پروکوپچُک زیادہ مضبوط امیدوار قرار دیے جارہے تھے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق انٹرپول کے سربراہ کے لیے ہونے والے چناؤ کے بالکل آخری مرحلے میں   امریکہ نے جنوبی کوریا کے امیدوار کم جونگ ینگ کی حمایت کا اعلان کردیا اور بازی پلٹ گئی۔

انٹرپول کے سابق سربراہ مینگ ہونگ وائی کی گمشدگی کی بابت ان کی اہلیہ نے دنیا کو بتایا تھا کہ وہ چین جانے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ ان کا دو ماہ قبل یہ مؤقف سامنے آیا تھا کہ چین پہنچنے کے بعد سے انہوں نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

انٹرپول کے سابق سربراہ کی اہلیہ کا بیان سامنے آنے کے بعد فرانس میں موجود اعلیٰ حکام ان کے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔

چین سے تعلق رکھنے والے مینگ ہونگ وائی نے انٹرپول کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں بنھائی تھیں۔ انہوں نے نومبر 2016 میں یہ عہدہ سنبھالا اور 2020 میں ان کی اس عہدے پر مدت ختم ہونی تھی۔

64 سالہ مینگ ہونگ وائی انٹرپول کے پہلے چینی سربراہ تھے۔ وہ چین میں سیکیورٹی کے نائب وزیر کے منصب پر بھی فائز رہے۔

مینگ ہونگ وائی چین میں منشیات کی روک تھام کے لئے قائم وفاقی کمیشن کے نائب چیئرمین بھی رہ چکے تھے۔

انٹرپول کے سابق سربراہ نے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ڈائیریکٹر کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دیے تھے۔


متعلقہ خبریں