اپنی زندگی اسلام کےمطابق گزارنی چاہیے،مولانا طارق

کسی کو زبردستی سچ کے راستے پر نہیں لایا جاسکتا ہے، طارق جمیل کی ندیم ملک لائیو میں گفتگو

  • وزیراعظم کے بیانات سے دنیا پر ملک کا منفی تاثر جارہا ہے،جاوید عباسی
  • پاکستان میں بھی کرپشن کے خلاف ملائیشیا جیسے قوانین نافذ کیے جاسکیں، فیصل واوڈا
  • اپوزیشن کی تنقید کا مطلب حکومت گرانے کی خواہش نہیں،نوید قمر

اسلام آباد: مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کے لیے خود کو بھی بدلنے کی ضرورت ہے، ہمیں بچوں کو بچہن سے ہی سچائی کا درس دینا چاہیے اور اپنی زندگی اسلام کے اصولوں اور آخری نبی کے احکامات کے مطابق گزارنی چاہیے۔

ہم نیوز کر پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی کو زبردستی سچ کے راستے پر نہیں لایا جاسکتا ہے، ہمیں چاہیے کہ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اسلام کی تعلیمات دیں۔

وزیراعظم کے بیانات سے دنیا پر ملک کا منفی تاثر جارہا ہے، سینیٹر جاوید عباسی

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ اگرگھر کا سربراہ باہر جا کر اپنوں کی ہی برائی کرے تو ہر کوئی  اس گھر کی برائی کرے گا، اسی طرح وزیر اعظم عمران خان بیرونی دورں پر بھی ملک کے لوگوں کی برائی کر رہے ہیں اجس سے ملک کا بہت منفی تاثر جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد ڈالرز کی بارش ہونے کا دعویٰ کیا تھا لیکن اب حکومت کو آئے سو دن ہو چکے ہیں  اورکوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعظم عمران خان اقتدار میں ہیں، بدعنوان لوگوں کو ضرور پکڑ کر سزا دیں لیکن دوسرے ممالک میں پاکستان کے خلاف باتیں کرکے ملک کا منفی تاثر نہ دیں۔

کرپشن کے حوالے سے رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے ملک میں بد ترین کرپشن کی گئی ہے۔

عمران خان کا کسی کو جیل میں ڈالنے کا مطلب کچھ غلط نہیں ہونے دینا ہے، فیصل واوڈا 

پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا کہ کاش ہمارے ملک میں بھی کرپشن کے خلاف سعودی عرب، چین اور ملائیشیا جیسے قوانین نافذ کیے جاسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جب کسی کو جیل میں ڈالنے کی بات کرتے ہیں تو ان کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنی طرف سے کچھ غلط نہیں ہونے دیں گے لیکن اداروں میں مداخلت بھی نہیں کریں گے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہماری پالیسی بہت واضح ہے، نہ این آر او ہو گا، نہ رشوت لی جائے گی، نہ ہی ہمارے بچے کوئی جائیداد بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تک  کرپشن  چھپانے کے لیے قوانین بنائے گئے اسےروکنے کے لیے نہیں۔

اپوزیشن کی تنقید کا مطلب حکومت گرانے کی خواہش نہیں،نوید قمر

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ اگر حکومت غلط کام کرے گی تو اپوزیشن ان پر تنقید ضرور کرے گی، اس کا یہ مطلب نہیں کہ اپوزیشن حکومت گرانا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حکومت کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہے لیکن اس کے لیے حکومت کو کسی ایک بات پر قائم رہنے کی ضرورت ہے، اگر حکومت ہی اپنے بیانات بدلتی رہی توکوئی ساتھ کیسے دے سکتا ہے۔

احتساب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا احتساب کرنا ہے تو اس کے لیے ثبوت اور شواہد اکھٹے کرکے کیس عدالت میں لے کر جانا چاہیے، ہم آج کل عدالت سے زیادہ میڈیا ٹرائل پر یقین رکھتے ہیں جس کا کوئی فائدہ نہیں۔


متعلقہ خبریں