پاکستان میں انصاف کے نظام کا دہرا معیار ہے، نفیسہ شاہ

ملک میں موجود عدالتی نظام کمزور ترین ہے، رہنما پیپلز پارٹی

  • عمران خان عوام سے کیے گئے وعدے ضرور پورے کریں گے، افتخار درانی 
  • پیپلز پارٹی کا علیحدہ آئینی عدالتوں کے قیام کا مطالبہ غیر آئینی ہے،جسٹس (ر) وجیہہ الدین
  • امریکہ ہمیشہ اپنے مفاد کے حساب سے ہی پالیسی بناتا رہا ہے، معید یوسف

اسلام آباد: سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت مجرمانہ انصاف کا نظام (کریمنل جسٹس سسٹم) کا دہرا معیار ہے جسے بدلنے کی اشد ضرورت ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہزیب سے گفتگو کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ ملک میں موجود عدالتی نظام کمزور ترین ہے اور اسی لیے ہمارا سپریم کورٹ سے اس میں اصلاحات لانے اورعلیحدہ آئینی عدالتوں کے قیام کا مطالبہ بالکل درست اور قانونی ہے۔

ملک میں موجود عدالتی نظام کمزور ترین ہے، رہنما پیپلز پارٹی

رہنما پی پی پی  نے واضح کیا کہ آج کی پریس کانفرنس محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کیس کے ٹرائل کی مناسبت سے تھی۔ اس کا پی پی پی لیڈران پر چلنے والے احتساب سے متعلق مقدمات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

عمران خان عوام سے کیے گئے وعدے ضرور پورے کریں گے، افتخار درانی 

دوسری جانب پروگرام میں موجود وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ملائیشیا میں اپوزیشن سے متعلق بیان مولانا فضل الرحمٰن کے تمام اپوزیشن جماعتوں کے گٹھ جوڑ کے لیے کردار ادا کرنے کی مناسبت سے تھا۔

افتخار درانی نے کہا کہ عمران خان وقتاً فوقتاً اپنے خطاب میں عوام کو اس بات کی یقین دہانی کراتے رہتے ہیں کہ وہ احتساب کے نام پر ووٹ لے کر آئے ہیں لہذا عوام سے کیے گئے وعدوں کو ضرور پورا کریں گے اور گزشتہ حکومتوں کی طرح فراموش نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما احتساب کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو رہے ہیں اور وہ اس منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ عمران خان نے انتخابی مہم میں کیے جانے والے تمام دعوؤں کو پورا کرنا ہے۔

افتخار درانی نے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی ٹھوس موضوع نہیں جن پر وہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں پر تنقید کرسکیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سمیت ہماری جماعت میں تمام ایسے لوگ موجود ہیں جو ’خود احتسابی‘ کے اصول پر یقین رکھتے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کا علیحدہ آئینی عدالتوں کے قیام کا مطالبہ غیر آئینی ہے،جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد

پروگرام میں موجود سابق جج جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود کمزور ترین عدالتی نظام میں اصلاحات لانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کا سپریم کورٹ سے علیحدہ آئینی عدالتوں کے قیام کا مطالبہ بالکل غیر آئینی ہے۔ اس کی وجہ احتساب سے گھبرانا ہو سکتی ہے اور شاید اسی لیے اس وقت یہ مطالبہ سامنے لے کر آئے ہیں۔

امریکہ ہمیشہ اپنے مفاد کے حساب سے ہی پالیسی بناتا رہا ہے، معید یوسف

پروگرام میں موجود تجزیہ کار معید یوسف کا سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے کی مناسبت سے میزبان کے سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی عرب کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں اپنے مفادات سے منسلک پالیسی کو جوں کے توں رکھنے کا فیصلہ بالکل حیران کن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ہمیشہ اپنے مفاد کے حساب سے ہی پالیسی بناتا رہا ہے اور اس مرتبہ بھی امریکی قیادت نے وہی طریقہ اپنایا۔


متعلقہ خبریں