عمران خان آئندہ ہفتے کرتارپور کراسنگ کی بنیاد رکھیں گے، شاہ محمود

فائل:فوٹو


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود وقریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کو کرتار پور باڈر کراسنگ کی بنیاد رکھیں گے۔

وفاقی وزیر نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان پہلے ہی بھارت کو اس بات سے آگاہ کرچکا ہے کہ آئندہ برس سکھ مذہب کے بانی گرونانک کے 550 ویں جنم دن پر کرتار پور کراسنگ کھولی جائے گی۔

اس سے قبل وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی کابینہ کی جانب سے کرتار پور بارڈر کھولنے کا آج کا فیصلہ امن کی سمت میں پہلا قدم ہے۔

وفاقی وزیر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کرتار پور بارڈر کھولنے کا فیصلہ دونوں ممالک میں موجود امن پسند لوگوں کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی اس قسم کے فیصلوں سے سرحد کے دونوں طرف امن کی امید رکھنے والے لوگوں کو مزید حوصلہ ملے گا۔

وزیراعظم نریندر مودی کی زیرصدارت ہونے والے بھارتی کابینہ کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سکھ یاتریوں کو سہولت دینے کیلیے ضلع گرداس پور سے بارڈر کھولا جائے گا۔

پاکستان میں دریائے راوی کے کنارے کرتار پور صاحب میں سکھ گرو نانک کی آخری آرام گاہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بھارتی کرکٹر نوجوت سدھو نے شرکت کی تھی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی مہمان کو بتایا تھا کہ ہم سکھ یاتریوں کیلئے کرتار پوربارڈر کھولنے کو تیار ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی کہا تھا کہ پاکستان کرتار پور بارڈر کھولنے کیلئے بھارت سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔

پچھلے مہینے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا تھا کہ کرتار پور بارڈر کھولنے کا فیصلہ بھارتی جواب سے مشروط ہے۔

گرونانک کے 549 جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے رواں برس بھارت سے 3,500 جب کہ دنیا بھر سے ہزاروں کی تعداد میں سکھ یاتری پاکستان آئے ہیں اور پاکستان نے ان کیلیے صحت اور طعام و قیام کا بہترین انتظام کیا ہوا ہے۔

تقریبات نومبرکی 21 تاریخ سے لے کر 30 تک چلیں گی۔


متعلقہ خبریں