غلط کام پر احتساب ہونا چاہیے، عندلیب عباس

چئیرمین پی اے سی کے نام پر اعتراض ہے، رہنما پی ٹی آئی

  • شہباز شریف چارج ثابت ہونے تک بےگناہ ہیں، رانا افضل
  • کیا کے پی میں احتساب کمیشن کی بندش کی منظوری دہرا معیار نہیں، نفیسہ شاہ 

اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے، اگر میری بہن بھی کچھ غلط کرے تو ان کا احتساب کیا جائے، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پرمقدمات ہم نے نہیں بنائے بلکہ انہوں نے خود بنائے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ الفقار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو شخص جیل میں ہو اسے کیسے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ( پی اے سی) بنایا جاسکتا ہے اسی لیے ہمیں خاص اعتراض شہباز شریف کے نام پر ہے کیونکہ وہ جیل میں ہیں پھران کو کیسے چیئرمین بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی پر چارچ لگے بنا انگلی نہیں اٹھانی چاہیے، اگر مشتاق غنی پر چارج لگ چکا ہے تو ٹھیک لیکن اگر چارج نہیں ہے تو انگلی نہیں اٹھائی جا سکتی، شہباز شریف پر تو معلوم نہیں کتنے مقدمات کے چارجز ہیں۔

علیمہ خان کے معاملے پر عندلیب عباس نے کہا کہ علیمہ خان پبلک آفس ہولڈر نہیں ہیں۔

شہباز شریف چارج ثابت ہونے تک بےگناہ ہیں، رانا افضل

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ مشتاق غنی پر اگر دس کیسز بھی ہوں تو جب تک چارج ثابت نہیں ہو جاتا وہ معصوم ہیں، اسی طرح شہباز شریف بھی چارج ثابت ہونے تک بے گناہ ہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کے معاملہ کی تحقیقات فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کر رہا ہے، حکومت کو بتانا پڑے گا کہ علیمہ خان کے پاس چوری کا کتنا پیسہ تھا۔

کیا کے پی میں احتساب کمیشن کی بندش کی منظوری دہرا معیار نہیں، نفیسہ شاہ 

پروگرم کی مہمان پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بنا کسی ریکارڈ کے کے پی میں احتساب کمیشن کا ادارہ ہی بند کرنے جا رہے ہیں، کیا کہ دہرا معیار نہیں ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو پی ٹی آئی صرف چور اور ڈاکو کہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی بہن کے پیسے کے بارے  جاننا  ہمارا حق بنتا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت خود ہی تھک گئی ہے، اس وقت تک ان کے پاس ایک ایجنڈا پونا چاہیے تھا لیکن ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں