روسی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کا انتقال


ماسکو: روس کی خفیہ ایجنسی ’جی آر یو‘ کے سربراہ جنرل آئیگور کوروبوو طویل علالت کے بعد 62 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ماسکو نے انہیں عظیم انسان اور محب وطن شخص قرار دیا ہے۔

عالمی خبررساں یجنسی کے مطابق جنرل کوروبوو کو 2016 میں روسی خفیہ ایجنسی جی آر یو کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل کوروبو نے 1973 میں روسی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق وہ 1985 میں روسی خفیہ ایجنسی کے ساتھ منسلک ہوئے اوراپنی بہترین کارکردگی پر متعدد ایوارڈزو میڈلز کے حقدار قرار پائے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے ملٹری پریس نے جی آر یو کے سربراہ کی موت کی تصدیق کی ہے۔ اس کی جانب سے ان کی تصویر شائع کی گئی ہے لیکن روسی فوج نے اس ضمن میں مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔

 

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق جی آر یو روسی افواج کی خفیہ ایجنسی ہے جو دنیا بھر میں مختلف خفیہ آپریشنز کرنے کے حوالے سے جانی جاتی ہے۔

برطانوی اور مغربی میڈیا کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جی آر یو نے رواں برس برطانیہ میں موجود سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپال اور اس کی بیٹی یویلیا اسکریپال پر اعصاب شکن زہریلے کیمیکل سے حملہ کیا تھا۔

خبر رساں ادارے کا الزام تھا کہ ڈبل ایجنٹ سرگئی اسکریپال اور اس کی بیٹی یویلیا اعصاب شکن کیمیکل سے متاثر ہونے کے بعد عرصے تک اسپتال میں زیر علاج رہے تھے۔

برطانوی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ اعصاب متاثر کرنے والے کیمیکل کا حملہ مبینہ طور پر ملزم الیگزینڈر میشکن اور ایناٹولی چیپیگا نے کیا تھا۔ برطانوی حکام کی جانب سے دونوں ملزمان کی شناخت جی آر یو کے افسران کے طور پر ظاہر کی گئی تھی۔

روس نے ہمیشہ اعصاب شکن کیمیکل حملے سے متعلق عائد کردہ الزامات کی تردید کی ہے۔

جی آر یو پر 2016 میں ہونے والے امریکی انتخابات میں مداخلت کا الزام بھی عائد کیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں