وزیر ریلوے نے ڈیڑھ ارب ڈالر کا فائدہ دیا، عمران خان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر ریلوے نے تین ماہ میں ڈیڑھ ارب ڈالر کا فائدہ دیا ہے۔  نئی ٹرینوں کے اجرا پر مبارک باد دیتا ہوں۔ خوشی ہے کہ وزارت ریلوے نے پچھلے 3 ماہ میں کئی گنا منافع کمایا۔

وفاقی دارالحکومت میں چار نئی ٹرینوں کے اجرا کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ایم ایل ون منصوبے پر توجہ دےرہے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ٹرینوں میں غریب اور کمزور طبقہ سفر کرتا ہے۔ ریلوے میں دیانت داری سے کام نہ کرنے والے اور کرپشن کرنے والے لوگوں کو نکالا جائے۔

گزشتہ حکومتوں کا تزکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں ریلوے کے 10 سے 20 ارب روپے کے پلاٹس پر قبضے ہوئے۔ ہر دن قرضوں پر 6 ارب روپے سود ادا کر رہے ہیں۔ ریلوے کی ترقی میں رکاوٹ بننے والے افراد کوعوام کے سامنے لائیں گے۔

جمعہ کے روز چینی کونصلیٹ پر دہشت گرد حملے کی مناسبت سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ چینی قونصلیٹ پرحملہ ناکام بنانے والےاہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔

چین نے تیس سال میں ستر کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ جلد چائنہ دنیا کی مضبوط ریاست بن جائے گا۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ مدینہ کی ریاست میں بھی غریب طبقے پر توجہ دی گئی۔ غریب لوگوں پر توجہ دیں تو ملک ترقی کرے گا۔ وسائل کی کمی سے نہیں احساس کی کمی سے غربت میں اضافہ ہوتا ہے۔

تقریب کے شرکا کو اعتماد میں لیتے ہوئے عمران خان نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ نیا نظام لا رہے ہیں، بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی۔ تمام اداروں میں میرٹ پر بھرتیاں کریں گے۔ پی آئی اے کا خسارہ کم کرنے کے لیے نئی انتظامیہ لائیں گے۔ اداروں کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم  کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی آئی اے کا ادارہ چار سو ارب کے خسارے میں چل رہا ہے۔ توانائی میں بارہ سو ارب روپے کا خسارہ ہے۔ اداروں میں سیاسی بھرتیاں کرکے اداروں کو تباہ کردیا گیا۔ اداروں میں خسارے کا نقصان عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔

 


متعلقہ خبریں