28 نومبر کو وزیراعظم کرتارپور کا دورہ کریں گے، وزیراطلاعات

عارف عثمانی کو نیشنل بینک کا نیا صدر بنایا گیا ہے، فواد چوہدری

  • 31 دسمبر کے بعد نئے اسمگل شدہ موبائل فون بلاک کر دیے جائیں گے، وزیراطلاعات

اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 28 نومبر کو وزیراعظم عمران خان کرتارپور سرحد کا دورہ کریں گے۔ کرتار پور بارڈر سیاسی نہیں انسانی مسئلہ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ کرتار پور بارڈر کھولنا پاکستان کا امن کے لیے مثبت اقدام ہے۔ کرتار پور سکھ برادری کیلئے انتہائی اہمیت کا مذہبی مقام ہے۔ ہم سکھ برادری کے مذہبی عقائد کا احترام کرتے ہیں۔

اسی مناسبت سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرتار پور باڈر میں ویزہ فری انٹری ہو گی۔ ہم بھارتی صحافیوں کے لیے بھی ویزے کا حصول آسان بنا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ خطے میں امن کی بقا کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مثبت پیش رفت انتہائی ضروری ہے۔

چینی قونصل خانے پر حملے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب کو ٹیلی فون پر کراچی واقعہ کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے چینی حکام کو اعتماد میں لیا۔

وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ بڑھتے ہوئے پاک چین تعلقات کو دشمن قوتیں ہضم نہیں کر پا رہیں۔ قونصل خانے میں موجود عملے کے 21 چینی سفارتی اہلکار محفوظ رہے۔ دہشتگرد جان لیں کہ پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن رہے گا۔ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کا ہر ممکن ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پلاننگ کے ساتھ دہشتگردی کے لیے جمعہ کا دن چنا گیا۔ ہنگو میں بھی آج دھماکہ ہوا۔

جمعہ کے روز پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے بتایا کہ عارف عثمانی کو نیشنل بینک کا نیا صدر بنایا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اڑھائی ارب روپے کے موبائلز غیر قانونی طریقے سے پاکستان آ رہے ہیں جن پر ٹیکس ادا نہیں ہو رہا۔ ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کے ذریعے غیر قانونی موبائل فونز کو روکا جائے گا۔ 82 ملین کے موبائل فونز پر ٹیکس ادا ہو رہا ہے۔

اسمگل شدہ موبائل فونز کے خلاف اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ 31 دسمبر کے بعد نئے سمگل شدہ موبائل فون بلاک کر دیے جائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں مقامی موبائل فون کی پیداوار کی صنعت کو فروغ دیں گے، وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی۔

نواز حکومت پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس باقاعدگی سے ہو رہے ہیں جبکہ نواز شریف کے دور میں کابینہ کے اجلاس کبھی کبھار ہوتے تھے۔


متعلقہ خبریں