دبئی ٹیسٹ، پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا لیے

فوٹو: گیٹی امیجز


دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ  کے پہلے روز گرین کیپس نے چار وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔

کھیل کے آغاز میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ اوپنر بلے باز کھیل کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے۔ امام الحق اور محمد حفیظ 9،9 رنز بنا کر کولن ڈی گرانڈ ہوم کی گیند کا شکار بنے۔

اظہر علی اور حارث سہیل نے اوپنر بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز سنبھالی تو تیسری وکٹ کی شراکت میں 126 رنز جوڑے۔

پاکستان کو تیسرا جھٹکا اظہر علی کی صورت میں لگا جو 81 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق صرف 12 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی گیند پر نیل ویگنر کو کیچ تھما بیٹھے۔

پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کیویز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ قومی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں کامیاب ہو کر سیریز بچانے کی کوشش کرے گی۔

اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 171رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

دونوں ٹیمیں اس سے قبل تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں میں آمنے سامنے آئیں، گرین شرٹس نے کیویز کو ٹی ٹونٹی میں وائٹ واش کیا اور ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر رہی۔

پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز، پاکستان کا پلڑا بھاری

دونوں ملکوں کے درمیان کھیلی گئی 22 ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔ پاکستان نے 13 اورنیوزی لینڈ نے صرف تین سیریز جیتی ہیں۔

دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے 55 میچوں میں سے  پاکستان نے 24 میچوں میں فتح سمیٹی اور کیویز نے 10 میچوں کا نتیجہ اپنے نام کیا جب کہ 10 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

کین ولیم سن زیادہ تجربہ کار کپتان

قومی ٹیم کے کپتان  سرفرازاحمد نے7 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دیے ہیں جن میں سے تین میچوں میں کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ ایک ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔

کیوی کپتان کین ولیمسن  کا کپتانی کا تجربہ سرفراز احمد سے تھوڑا زیادہ ہے، انہوں نے اب تک17 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی ہے جس میں انہیں نو میں کامیابی اور چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ چار میچ ڈرا ہوئے۔

کین ولیمسن کا شمار دنیا کے ٹاپ بیٹسمیوں میں کیا جاتا ہے، ولیمسن نے65 میچوں میں 50.35 کی اوسط سے5,338 رنز بنائے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے اسکواڈ پر نظر

پاکستان

قومی ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کر رہے ہیں، پاکستان ٹیم کی بیک بون کہلانے والے اظہر علی اور اسد شفیق ٹیم کا حصہ ہیں جب کہ ان فارم محمد حفیظ بھی سرفراز احمد کا موثر ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں۔

ون ڈے میں زخمی ہونے والے فخر امام بھی فٹ ہیں اور فائنل الیون کا حصہ ہیں۔ بابراعظم بھی ون ڈے کی فارم کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

فاسٹ بالنگ میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے پاکستان کو محمد عباس، حسن علی اور میرحمزہ  کے ساتھ ان فارم شاہین آفریدی  کی خدمات حاصل ہوں گی، جبکہ اسپن بالنگ اٹیک اسٹار بالر یاسرشاہ اوربلال آصف کے ساتھ نیوزی لینڈ کو ٹف ٹائم دے گا۔

نیوزی لینڈ

کیوی ٹیم کو85 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے تجربہ کار بیٹسمین روس ٹیلر کی خدمات بھی حاصل ہیں، 36 میچوں میں 6 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کرنے والے ٹام لیتھیم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

فاسٹ بالنگ ڈیپارٹمنٹ میں کیویز کے پاس تجربہ کار ٹم ساؤتھی ہیں جن کی ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی تعداد 220 ہے، سوڈی اور اعجاز پٹیل اسپن ڈیپارٹمنٹ  کو مضبوط کرنے  کے لیے ٹیم کا حصہ ہیں۔

 


متعلقہ خبریں