پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، فیض آباد میں کاروبار بند کرادیا گیا

فیض آباد میں پھر دھرنے کا اعلان

فائل فوٹو


لاہور: تحریک لبیک کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

دفعہ 144 کے تحت پانچ یا اس زائد افراد کسی بھی مقام پر اکٹھے نہیں ہو سکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے عوام کو احتجاج سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد احتجاج کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب راولپنڈی انتظامیہ نے فیض آباد میں زبردستی کاروباری مراکز بند کرا دیے ہیں اور نیو ٹاؤن تھانے کی پولیس نے ہوٹل مالکان کے درجنوں ملازمین کو تھانے میں بند کر دیا ہے۔

تاجربرادری کا کہنا ہے کہ نیو ٹاؤن پولیس سے بات کرو تو کہتی ہے ڈپٹی کمشنر کے حکم پر سب کچھ کیا جا رہا ہے لیکن ڈپٹی کمشنر کہہ رہے ہیں کہ حالات معمول کے مطابق ہیں۔

تاجر برادی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملازمین کو نہ چھوڑا گیا تو ڈپٹی کمشنر کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب تحریک لبیک پاکستان کے رہنما خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں دھرنوں اور احتجاج کی کال دی گئی تھی۔

مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد حکومت نے صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے مانیٹرنگ سیل بھی بنایا تھا جب کہ فیض آباد انٹرچینج پر پولیس اور رینجرز کے 120 جوان تعینات کیے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں