مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی سے 8 نوجوان شہید

فوٹو: رائٹرز


سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ شوپیاں میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے مزید آٹھ نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔

بھارتی فوج نے تمام افراد کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا ہے۔ شوپیاں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے جب کہ بٹہ گنڈ میں بھی بھارتی فورسز نے ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کیا۔

کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران بھارتی فوج نے 17 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے جب کہ پیلٹس کی وجہ سے متعدد کشمیری زخمی ہوگئے ہیں جن میں 20 ماہ کی ہبا نثار بھی شامل ہے جس کی آنکھیں متاثر ہوئی ہیں۔


مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کچھ عرصے سے بھارتی درندگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے جب کہ اکثر موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی جاتی ہے۔

دو روز قبل بھی بھارتی فوج نے کوسکی پورہ میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے چھ نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا اور سرینگر سمیت کئی شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس دن بھر معطل رہی تھی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رواں سال 21 اکتوبر کو بھی کلگام میں بھارتی فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران 14 سے زائد کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا تھا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنشینل انڈیا (اے آئی آئی) کی جانب سے کلگام میں کشمیریوں کے قتل کے خلاف آزاد اور منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں