شہباز شریف کا اسلام آباد کے نجی اسپتال میں طبی معائنہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا آج دوبارہ طبی معائنہ کیا گیا۔

شہباز شریف کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں اُن کا طبی معائنہ ہوا اور مزید ٹیسٹ لیے گئے۔ جس کے بعد اُنہیں اسپتال سے روانہ کر دیا گیا۔

شہباز شریف کو نیب کی تحویل میں اسپتال لایا گیا تھا جہاں اُن کے خون کے نمونے لیے گئے اور سی ٹی اسکین کیا گیا۔ شہباز شریف رپورٹ آنے تک اسلام آباد میں ہی قیام کریں گے جہاں منسٹر انکلیو کو سب جیل قرار دیا گیا ہے جب کہ رپورٹ آنے کے بعد میڈیکل بورڈ اپنی سفارشات مرتب کرے گا۔

شہباز شریف نے گزشتہ ماہ نیب عدالت کو اپنے کیسنر کا مریض ہونے سے متعلق آگاہ کیا تھا اور طبی معائنے کی درخواست کی تھی۔ جس کے ڈاکٹر آصف عرفان کی سربراہی میں چار رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔

شہباز شریف کے چار رکنی میڈیکل بورڈ نے سی ٹی اسکین کا مشورہ دیا تھا اور کینسر ماہرین پر مشتمل بورڈ بھی تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔

شہباز شریف کینسر کے مرض سے صحت یاب ہوئے تھے اور ان کے خون کی حالیہ تجزیاتی رپورٹ میں کینسر کی علامات دوبارہ ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں