شاہی جوڑے کا بچے کی پیدائش سے قبل فروگمور کاٹیج منتقل ہونے کا اعلان

فوٹو: فائل


لندن: برطانوی شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن مارکل کے ہمراہ آئندہ سال کے اوائل میں ونڈسر میں واقع فروگمور کاٹیج میں منتقل ہو رہے ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا اپنے پہلے بچے کی پیدائش سے قبل فروگمور ہاؤس کے مغربی حصے میں تعمیر فروگمور کاٹیج شفٹ ہو رہے ہیں۔

شاہی محل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہی جوڑے کا کہنا ہے کہ ونڈسر شاہی خاندان کے لیے ایک خاص جگہ ہے اور وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ان کی زاتی رہائش گاہ ان کی ملکیت ہوگی۔

واضح رہے شہزادہ ہیری اور امریکی ماڈل میگھن مارکل کی شادی ونڈسر محل میں ہی طے پائی تھی۔

مغربی لندن کے علاقے برک شائر میں واقع برطانوی جوڑے کا نیا گھر 18ویں صدی سے برطانوی شاہی خاندان کی رہائش کا حصہ ہے۔ دلدلی علاقوں میں بڑی تعداد میں مینڈکوں کی موجودگی سے علاقے کو فراگمور کا نام دیا گیا۔

فروگمور ہاؤس کی اطراف میں 33 ایکٹر رقبے پر مشتمل خوبصورت باغات اور ایک نہر بھی ہے۔

منگنی کے بعد سے اب تک شاہی جوڑا  کنسنگٹن پیلس میں واقع نوٹنگھم پیلس میں رہائش پذیر ہے جہاں شہزادے کے بڑے بھائی پرنس ولیم اور ان کی فیملی رہتی ہے۔


متعلقہ خبریں