پنجاب کے مختلف شہروں میں 13 ویں روز بھی وکلا کی ہڑتال جاری

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام  کے لیے وکلا کی 13 ویں روز بھی ہڑتال جاری ہے۔

فیصل آباد، چنیوٹ، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ سمیت پنجاب  کے مختلف شہروں میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے لیے وکلا نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ جس کے باعث عدالت آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامان کرنا پڑ رہا ہے۔

مسلسل 13 روز سے جاری وکلا کی ہڑتال اور عدالتوں کے مکمل بائیکاٹ کی وجہ سے ہزاروں مقدمات زیر التوا ہیں جب کہ وکلا کی عدم پیشی کے باعث ججز کی جانب سے نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا جاتا ہے۔

گوجرانوالہ میں وکلا نے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں سی پی او آفس اور کمشنر آفس کو بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

بار ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ حکومت کئی بار ہائی کورٹ بینچ کے قیام کا وعدہ کر چکی ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ہے جب کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی ہائی کورٹ بینچ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

وکلا کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے کیے گئے وعدے کے مطابق ہائی کورٹ کا بینچ قائم کرے بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں