سابق وزیر اعظم نواز شریف کی شہباز شریف سے ملاقات

فائل فوٹو


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات کی۔

نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات منسٹر انکلیو میں ہوئی۔ ملاقات میں نواز شریف نے اپنے بھائی کی خیریت دریافت کی جب کہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو اپنے اپنے مقدمات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جب کہ قومی اسمبلی میں مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بات کی گئی اور نواز شریف نے شہباز شریف کو اسمبلی کے حوالے سے مختلف مشورے بھی دیئے۔

شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں پر اعتماد میں لیا اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

منسٹر انکلیو میں شہباز شریف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے جہاں کسی بھی شخص کو داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

گزشتہ روز نواز شریف کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) کو شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست دی گئی تھی جسے نیب نے منظور کرتے ہوئے پیر کو ملاقات کی اجازت دی۔

نواز شریف اس سے قبل 17 نومبر کو بھی نیب آفس لاہور میں شہباز شریف سے ملاقات کر چکے ہیں۔ جس میں نواز شریف کے ہمراہ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، کپیٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، مریم نواز، یوسف عباس اور حمزہ شہباز بھی تھے۔

17 نومبر کو ہونے والے والی دونوں بھائیوں کے درمیان ملاقات 50 منٹ تک جاری رہی تھی جس میں  زیر تفتیش مقدمات کے حوالے سے بات کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں