خواجہ برادران کی ضمانت میں پانچ دسمبر تک توسیع

خواجہ برادران کیخلاف پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت آج ہو گی

فوٹو: فائل


لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے خواجہ برادران کی حفاظتی ضمانت میں پانچ دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی پیرا گون سٹی کیس میں قبل از گرفتاری درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ جسٹس محمد طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔

خواجہ برادران عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کر رہا ہے اور ہم نیب کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں جب کہ نیب کی جانب سے جو بھی ریکارڈ مانگا گیا وہ ہم نے فراہم کیا ہے۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ نیب اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ہمیں گرفتار کر سکتا ہے اس لیے عدالت ہماری عبوری ضمانت منظور کرے اور نیب کو ہماری گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔

خواجہ برادران کی عدالت میں پیشی کے موقع مسلم لیگ نون کے کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جب کہ پولیس کی بھی بھاری نفری موجود تھی۔ عدالت کے باہر اینٹی رائٹ فورس اور خواتین پولیس اہلکاروں کے علاوہ سول پولیس اہلکار بھی تعینات تھے۔

عدالت نے پیراگون سٹی کیس میں خواجہ برادران کی عبوری ضمانت میں 26 نومبر تک توسیع کی تھی جو آج ختم ہو گئی۔


متعلقہ خبریں