کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر 17 روز بعد قابو پالیا گیا

فوٹو: فائل


کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی خوفناک آگ پر 17 روز بعد قابو پالیا گیا ہے۔ آگ سے 85 افراد ہلاک اور ڈھائی سو لاپتہ ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ کو فائر فائٹرز بجھانے میں ناکام ہو گئے تھے تاہم گزشتہ روز متاثرہ علاقوں میں ہونے والی بارش آگ بجھانے میں مدد گار ثابت ہوئی۔ فائر فائٹرز حکام کے مطابق جنگلات میں لگی آگ اب مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔

فائر فائٹر حکام کے مطابق آگ سے ہلاک ہونے والے 54 افراد کی شناخت ہو گئی ہے جب دیگر لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جب کہ بارش کے باعث متاثرہ علاقوں میں لاشوں کی شناخت کا عمل مشکل ہو گیا ہے کیونکہ ڈھلان کی وجہ سے آپریشن ممکن نہیں ہے۔

کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی ریاستی تاریخ کی بد ترین آگ آٹھ نومبر کو لگی تھی۔ جس نے ایک لاکھ 53 ہزار ایکٹر سے زائد رقبے کو متاثر کیا جب کہ 14 ہزار افراد بے گھر ہوئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ جنگلات کی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کو آگ لگنے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے بالی ووڈ کے کئی بڑے بڑے ناموں کے گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا اور راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔


متعلقہ خبریں