’100دن کا پلان کسی نے مانگا نہیں تھا حکمرانوں نے خود دیا‘


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکمرانوں سے 100 دن کے پلان کا مطالبہ کسی نے نہیں کیا تھا بلکہ انہوں نے خود یہ پلان پیش کر کے عوام کی امیدیں بڑھائی تھیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 100 دن پورے گئے لیکن حکومت نے بے روزگاری کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی اس حوالے سے اقدام اٹھائے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے گزشتہ سارے وقت میں صرف کرپشن کا رونا رویا ہے مگر بدقسمتی سے اس معاملے میں بھی شفاف طریقے سے احتساب کرنے کے بجائے انتقامی کارروائیاں کرتی رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کرتار پور بارڈر کے حوالے سے  کہا کہ بارڈر کھولنا ایک اچھا قدم ہے لیکن ہمیں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کو بھی یاد رکھنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف بھارت مظلوم کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور دوسری طرف ہم اس سے دوستی منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بادڑد کھولنا اچھا ثابت ہو سکتا ہے مگر تمام چیزوں کو مد نظر رکھنا بھی ضروری ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے الزام عائد کیا کہ پاکستان  تحریک انصاف، حکومت کرنے کے بجائے انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سے کچھ ہوتا نہیں ہے اس لیے ان کے وزرا یا تو تھپڑ مارتے ہیں اور یا گالیاں دیتے ہیں۔

پی پی پی کے سینئر رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ابھی تک ڈی چوک سے باہر نہیں نکلے ہیں جس کی وجہ سے حکومت صرف باتیں کرتی ہے کام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو دعوے کیے ان سب سے یو ٹرن لے لیا اور نتیجتاً ان کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے 100 دن پورے ہو گئے لیکن عملی طورپر کوئی چیز بھی نہیں ہوئی ہے البتہ گزرے 100 دنوں میں ہم نے صرف ایک نئی چیز دیکھی ہے اور وہ یوٹرن ہے۔

سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ اچھی حکومت ہو تو صرف چند دن میں ہی عوام سے اپنی تعریف کروا سکتی ہے۔ ان کا سوال تھا کہ حکومت کو کس نے کہا تھا کہ 100 دن میں تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں؟

کرتار پور بارڈر کے حوالے سے پی پی پی رہنما نے کہا کہ فیصلہ اچھا تھا، ہمیں اپنے پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات ضرور بنانے چاہئیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کا حل نکالنا بھی بہت ضروری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف  کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ملکی معیشت کا برا حال کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہماری  حکومت وہ واحد حکومت ہے جو کرپشن کے ناسور کو ختم کرنا چاہتی ہے۔

ایوان بالا میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کو مستقبل دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس صورتحال میں ملک ہمارے حوالے کیا گیا ہے اسے مد نظر رکھتے ہوئے یقیناً ہماری حکومت نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

کرتار پور بارڈر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بظاہر ایک چھوٹا قدم لگتا ہے لیکن دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے آئندہ مستقبل میں بہت فائدے  مند ثابت ہو گا۔

پی ٹی آئی کے سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کوئی نہیں بھولا لیکن اس طرح کی چیزوں سے دونوں ممالک کے تعلقات بہتری کی طرف جا سکتے ہیں جس سے مسئلہ کشمیر کا حل بھی نکل سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں